بسواکلیان میں 12 ربیع الاول کے موقع پر 47واں سالانہ جلوس و جلسہ کی تیاریوں کے سلسلہ میں اہم اجلاس - حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار کی نگرانی میں شاندار انتظامات کا فیصلہ۔


بیدر، 29 جولائی (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) بسواکلیان کی تاریخی بارگاہ حضرت تاج الدین شیر سوار المعروف حضرت راجہ باگؒ کے احاطہ میں پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ، سجادہ نشین و متولی بارگاہ حضرت راجہ باگؒ کی نگرانی میں مرکزی میلاد کمیٹی فیضان حضرت شیر سوارؒ، نظامی ویلفیئر سوسائٹی اور معزز شہریوں کا ایک اہم خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ 12 ربیع الاول شریف کے موقع پر 47واں سالانہ عظیم الشان جلوسِ میلاد النبی ﷺ اور جلسۂ عام نہایت شان و شوکت اور مذہبی جوش و جذبہ کے ساتھ منعقد کیا جائے گا۔ گزشتہ تین برسوں سے ہندو برادری کے تہوار ایک ہی دن آنے کے باعث پیش آنے والی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے اس سال تمام انتظامات پہلے سے مکمل کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ قلعہ سے درگاہ حضرت شیر سوارؒ تک پورے راستہ کو برقی قمقموں، روشنیوں اور جھنڈیوں سے سجایا جائے گا۔ جلوس و جلسہ میں شریک عاشقانِ رسول ﷺ کے لیے درگاہ شریف میں نمازِ فجر کے بعد اور جلسہ کے اختتام پر نمازِ مغرب کے بعد طعام کا خصوصی انتظام بھی کیا جائے گا۔ پروگرام کے مطابق نمازِ ظہر قلعہ بارگاہِ حسینؓ میں دوپہر 1:15 بجے ادا کی جائے گی، جس کے بعد نعت خوانی، میلاد خوانی اور فاتحہ ہوگی، پھر جلوس مین روڈ سے ہوتا ہوا گاندھی چوک پہنچے گا جہاں جلسۂ عام منعقد ہوگا۔ ممتاز علماء و مقررین کے خصوصی خطابات کے بعد جلوس دوبارہ درگاہ شریف پہنچے گا، جہاں نمازِ مغرب کے بعد اختتامی محفلِ میلاد منعقد ہوگی اور حاضرین کی ضیافت کے لیے طعام پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جلوس و جلسہ کے تمام انتظامات منظم انداز میں انجام دیے جائیں تاکہ عقیدت مندوں کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔ پروگرام کی مکمل سرپرستی و نگرانی پیرِ طریقت حضرت مولانا خواجہ شاہ ضیاء الحسن جاگیردار صاحب قبلہ فرمائیں گے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔