سو 100 بیڈ ہاسپٹل بیدر میں روزانہ 10 تا 12 مریضوں کو مفت ڈائلیسس کی سہولت، محمد عبدالنبی قرشی کی ضرورت مند مریضوں سے استفادہ کی اپیل
بیدر، 18 جولائی (نامہ نگار محمد عبدالصمد)کانگریس قائد و صدر قریش کانفرنس کرناٹک جناب محمد عبدالنبی قرشی نے بتایا ہے کہ بیدر کے 100 بیڈ ہاسپٹل میں روزانہ کم از کم 10 سے 12 مریضوں کو مفت ڈائلیسس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے ضلع بھر کے ڈائلیسس کے ضرورت مند مریضوں سے اپیل کی کہ وہ اس سرکاری سہولت سے بھرپور استفادہ کریں اور بروقت علاج حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے 100 بیڈ ہاسپٹل میں مفت ڈائلیسس کی معیاری سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کو خاطر خواہ فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ اس اہم طبی خدمت کے بارے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو آگاہ کریں تاکہ کوئی بھی ضرورت مند مریض اس سہولت سے محروم نہ رہے۔
جناب محمد عبدالنبی قرشی، جو ہاسپٹل کمیٹی کے رکن بھی ہیں، نے 100 بیڈ ہاسپٹل پہنچ کر ڈائلیسس یونٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹیکنیشن پرشانت اور اسٹاف سے ملاقات کرتے ہوئے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ڈائلیسس یونٹ کی کارکردگی اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
انہوں نے ٹیکنیشن پرشانت اور ہاسپٹل کے عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مریضوں کی بہتر نگہداشت اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی قابلِ تحسین ہے، اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھی جائے گی۔
اس موقع پر ٹیکنیشن پرشانت سمیت دیگر اسٹاف موجود تھا۔
Comments
Post a Comment