اقلیتی طلبہ کے تعلیمی حقوق سے مزید کھلواڑ برداشت نہیں؛ 10 اگست تک کارروائی نہ ہوئی تو 15 اگست سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال - "جلگاؤں ضلع ایکتا تنظیم کا میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو آخری الٹی میٹم، اردو اسکولوں میں صدر مدرس اور اساتذہ کی خالی اسامیاں فوری پُر کرنے کا مطالبہ"


جلگاؤں، (عقیل خان بیاولی): جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کے زیرِ انتظام اردو پرائمری اسکولوں میں گزشتہ چار برس سے صدر مدرس اور اساتذہ کی خالی اسامیوں کے باعث تعلیمی نظام شدید بحران کا شکار ہے۔ اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جلگاؤں ضلع ایکتا تنظیم نے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کو دو ٹوک الفاظ میں متنبہ کیا ہے کہ اگر 10 اگست 2026 تک خالی اسامیوں کو پُر کرنے اور ترقیوں سے متعلق ٹھوس، شفاف اور تحریری کارروائی عمل میں نہ لائی گئی تو 15 اگست سے آئینِ ہند کے دائرے میں رہتے ہوئے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال، دھرنا اور وسیع عوامی تحریک شروع کی جائے گی، جس کی تمام تر ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
منگل 28 جولائی کو تنظیم کے صدر مفتی خالد کی قیادت اور رابطہ کار فاروق شیخ کی نگرانی میں ایک نمائندہ وفد نے میونسپل کمشنر آدتیہ جیونے سے ملاقات کرکے ایک تفصیلی محضر پیش کی۔ وفد نے اردو میڈیم اسکولوں میں مسلسل نظرانداز کیے جانے والے انتظامی اور تعلیمی مسائل کی جانب توجہ دلاتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا۔ محضر میں بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن کے تحت قائم 10 اردو پرائمری اسکولوں میں سے 7 اسکول گزشتہ چار برس سے مستقل صدر مدرس کے بغیر چلائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں اقلیتی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جبکہ موجودہ اساتذہ اضافی تدریسی اور انتظامی ذمہ داریاں نبھانے پر مجبور ہیں۔
تنظیم نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی حقیقی خالی اسامیوں کی تعداد زیادہ ہونے کے باوجود "پوتر پورٹل" پر کم اسامیاں ظاہر کرکے تقرری کا عمل محدود کیا جا رہا ہے، جو نہ صرف شفافیت کے اصولوں کے خلاف ہے بلکہ اقلیتی برادری کے آئینی و تعلیمی حقوق سے بھی ناانصافی ہے۔ محضر میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ سات اہل اساتذہ کو فوری طور پر صدر مدرس کے عہدے پر ترقی دی جائے، تمام خالی تدریسی اسامیوں پر بلا تاخیر تقرریاں عمل میں لائی جائیں، پوتر پورٹل پر تمام حقیقی خالی اسامیاں ظاہر کرکے شفاف بھرتی یقینی بنائی جائے، اور گزشتہ چار برس کی غفلت و لاپروائی کی اعلیٰ سطحی جانچ کرا کے ذمہ دار افسران و ملازمین کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر آدتیہ جیونے نے وفد کے محضر کو قبول کرتے ہوئے مسئلے کی سنگینی کا اعتراف کیا اور یقین دہانی کرائی کہ معاملے کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر ضروری کارروائی کی جائے گی۔ ایکتا تنظیم نے امید ظاہر کی کہ اقلیتی طلبہ اور اساتذہ کو انصاف فراہم کرتے ہوئے اردو تعلیم کے بنیادی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
وفد میں حافظ عبدالرحیم پٹیل، مولانا غفران، فاروق شیخ، عارف دیشمکھ، متین پٹیل، رضوان جاگیردار، سید شاہد، انیس شاہ، طاہر شیخ، نجم الدین شیخ، انور صیقلگر آصف شفیع، رؤف پٹیل، شعیب پٹیل، رزاق پٹیل، اظہر شیخ، فاروق قادری، شریف پنجاری، شکیل احمد، امجد خان سمیت ایکتا تنظیم کے متعدد عہدیداران اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔