رحیم خان کو کابینی وزیر بنانے کا مطالبہ، کانگریس ہائی کمان سے اپیل۔
بیدر، 3 جون (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): بیدر نارتھ کے رکن اسمبلی رحیم خان کو ریاستی کابینہ میں شامل کرتے ہوئے کابینی وزیر بنانے کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے۔ چدری کے وارڈ نمبر 23 سمیت مختلف سماجی، عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے کانگریس ہائی کمان سے اپیل کی گئی ہے کہ رحیم خان کی طویل سیاسی خدمات، عوامی مقبولیت اور بیدر ضلع کی مؤثر نمائندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں نئی کابینہ میں مناسب مقام دیا جائے۔
مطالبہ کرنے والوں کا کہنا ہے کہ رحیم خان کئی برسوں سے عوامی خدمت اور پارٹی کی مضبوطی کے لیے سرگرم کردار ادا کرتے آرہے ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقہ کے عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں ایوانِ اسمبلی میں اٹھانے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں کے لیے بھی مسلسل جدوجہد کی ہے۔ کارکنوں کا کہنا ہے کہ رحیم خان کی سیاسی بصیرت اور تجربہ ریاستی کابینہ کے لیے ایک قیمتی اضافہ ثابت ہو سکتا ہے۔
مقامی کانگریس کارکنان، نوجوانوں اور عوامی نمائندوں نے کہا کہ بیدر ضلع کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے رحیم خان کو وزارت دی جانا ضروری ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ کابینہ میں شمولیت سے ضلع بیدر کو ریاستی سطح پر مزید مضبوط نمائندگی حاصل ہوگی اور ترقیاتی منصوبوں کو نئی رفتار ملے گی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق رحیم خان کا شمار ریاست کے بااثر کانگریسی رہنماؤں میں ہوتا ہے اور وہ طویل عرصے سے پارٹی و عوامی حلقوں میں ایک مضبوط سیاسی شناخت رکھتے ہیں۔ بیدر ضلع میں کانگریس کو مستحکم بنانے اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ عوامی و سیاسی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ کانگریس ہائی کمان نئی کابینہ کی تشکیل کے دوران رحیم خان کی خدمات، تجربے اور عوامی مقبولیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں کابینی وزیر کی ذمہ داری سونپے گی۔
Comments
Post a Comment