عیدالاضحیٰ (قربانی عید) کے موقع پر بہترین صفائی انتظامات پر میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کا اعزاز۔
جلگاؤں:( شاہ اعجاز گلاب) عیدالاضحیٰ (قربانی عید) کے موقع پر جلگاؤں شہر کے مسلم اکثریتی علاقوں میں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے خصوصی صفائی اور ستھرائی کے منظم انتظامات کیے گئے۔ اس شاندار کارکردگی پر چھپر بند مسلم شاہ فقیر سماج سدھارک منڈل کی جانب سے میونسپل انتظامیہ اور میئر دیپمالا کالے کو دلی مبارکباد پیش کی گئی۔ منگل 2 جون کو سماج کے وفد نے میئر کو میمورنڈم پیش کرکے ان کا گل پیشی اور شال کے ذریعے استقبال و اعزاز کیا۔ اس موقع پر وفد نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی شہری سہولیات اور صفائی ستھرائی کے میدان میں اسی طرح مؤثر خدمات جاری رکھی جائیں گی۔ یادداشت کے ذریعے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ میونسپل کارپوریشن اور امدادی نجی اسکولوں میں زیرِ تعلیم مسلم شاہ فقیر سماج کے معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو وظائف، تعلیمی امداد اور مختلف سرکاری اسکیموں کے فوائد مؤثر انداز میں فراہم کیے جائیں۔ اس مقصد کے لیے تمام اسکولوں کو ضروری ہدایات اور احکامات جاری کیے جانے کی درخواست کی گئی۔ اس موقع پر تنظیم کے قومی صدر الحاج اجمل شاہ، ضلعی صدر غلام معین شاہ، شہر صدر راجو شاہ، میڈیا انچارج اعجاز شاہ سمیت سماج کے معززین اور کارکنان بڑی تعداد میں موجود تھے۔
Comments
Post a Comment