شبِ عاشورہ پر خانقاہ حضرت سید خواجہ ابوالفیضؒ بیدر میں زیارتِ آثارِ موئے مبارک عقیدت و احترام کے ساتھ منعقدمرد و خواتین نے الگ الگ اوقات میں زیارت کی سعادت حاصل کی، افطار، دعائے سلامتی اور لنگرِ حسینی کا اہتمام۔


بیدر، 26 جون (نامہ نگار): خانقاہ شریف حضرت سید خواجہ ابوالفیضؒ، بیدر میں حسبِ روایتِ قدیم شبِ عاشورہ کے موقع پر زیارتِ آثارِ موئے مبارک حضرت امام حسینؑ نہایت ادب و احترام کے ساتھ منعقد کی گئی۔ یہ بابرکت تقریب حضرت سید شاہ اسد اللہ حسینی المعروف سید ثاقب حسینی، سجادہ نشین و متولی درگاہ حضرت ممدوحؒ کی سرپرستی میں انجام پائی۔
تفصیلات کے مطابق شبِ عاشورہ کے روز خانقاہ شریف میں حاضرین و عقیدت مندوں کے لیے پرتکلف افطار کا انتظام کیا گیا۔ نمازِ مغرب کے فوراً بعد مرد حضرات کے لیے زیارتِ آثارِ موئے مبارک کرائی گئی، جس میں بیدر اور اطراف و اکناف سے آئے ہوئے سیکڑوں عاشقانِ اہلِ بیتؑ نے نہایت عقیدت کے ساتھ زیارت کی سعادت حاصل کی۔ بعد ازاں سلام و فاتحہ ادا کی گئی، جس کے بعد جناب سید شاہ معین الدین حسینی، جانشین سجادہ درگاہ حضرت ممدوحؒ نے عالمِ اسلام، ملک میں امن و امان، امتِ مسلمہ کی سربلندی اور انسانیت کی فلاح و سلامتی کے لیے رقت آمیز اجتماعی دعا فرمائی۔
بعد ازاں حاضرین کے لیے لنگرِ حسینی پیش کیا گیا۔ نمازِ عشاء کے بعد خواتین کے لیے بھی علیحدہ طور پر زیارتِ آثارِ موئے مبارک کا اہتمام کیا گیا، جہاں خواتین کی بڑی تعداد نے نہایت ادب و احترام کے ساتھ زیارت کی سعادت حاصل کی۔
اس روحانی تقریب کے تمام انتظامات خانوادۂ حضرت ممدوحؒ کے افراد کی نگرانی و سرپرستی میں نہایت منظم اور خوش اسلوبی سے انجام دیے گئے۔ افطار، مرد و خواتین کے لیے علیحدہ زیارت، لنگرِ حسینی اور دیگر انتظامات کو حاضرین نے خوب سراہا۔ اس موقع پر خانقاہ شریف کا روحانی ماحول ذکرِ شہدائے کربلا، درود و سلام اور محبتِ اہلِ بیتؑ سے معطر رہا، جبکہ سیکڑوں مرد و خواتین عقیدت مندوں نے زیارتِ آثارِ موئے مبارک کی سعادت حاصل کرتے ہوئے حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔