ذاکر حسین چبنور محکمۂ اسکول ایجوکیشن کی ایک فعال، متحرک اور درد مند شخصیت - تہنیتی تقریب سے کراٹا گلبرگہ کے جنرل سیکریٹری عثمان باشاہ کا خطاب۔
گلبرگہ، 15 جون 2026ء (ای میل) واجداختر صدیقی مدرس کی اطلاع کے مطابق گورنمنٹ اردو لوئر پرائمری اسکول آلور، تعلقہ جیورگی کے معلم اور کراٹا بنگلورو کے صوبائی آرگنائزنگ سیکریٹری ذاکر حسین چبنور محکمۂ اسکول ایجوکیشن کی ایک فعال، متحرک اور باصلاحیت شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی بے لوث خدمات، تنظیمی صلاحیتوں اور اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل جدوجہد کے ذریعے ایک منفرد مقام حاصل کیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کراٹا گلبرگہ کے جنرل سیکریٹری عثمان باشاہ نے ذاکر حسین چبنور کے اعزاز میں ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تہنیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ذاکر حسین چبنور نہ صرف دوٹوک، بے لاگ اور اصول پسند اندازِ گفتگو کے لیے معروف ہیں بلکہ عملی میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔ اساتذہ اور بالخصوص اردو مدارس کو درپیش مسائل کی یکسوئی اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کی خدمات بے مثال ہیں۔ وہ بنا رکے اور بنا تھکے خدمت انجام دینے کے عادی ہیں۔ ان کے کردار اور گفتار کی تیز رفتاری اس بات کی غماز ہے کہ ان کے سینے میں ایک درد مند، مخلص اور سچا دل دھڑکتا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں منعقدہ کرناٹک اسٹیٹ پرائمری اسکول اسسٹنٹ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے انتخابات 2026 تا 2031 میں ذاکر حسین چبنور نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے تعلقہ یڈرامی بلاک کے جنرل سیکریٹری کے عہدے پر بلامقابلہ انتخاب کا اعزاز حاصل کیا۔ اس خوشی اور مسرت کے موقع پر محمد شفیع مدرس کی جانب سے ایک پُروقار تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔
عثمان باشاہ نے مزید کہا کہ ذاکر حسین چبنور کی مقبولیت صرف اردو اساتذہ تک محدود نہیں بلکہ برادرانِ وطن میں بھی وہ یکساں احترام اور مقبولیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں اپنے حلقۂ انتخاب میں بھرپور اعتماد حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ذاکر حسین چبنور تدریس کے شعبے میں ایک طویل اور کامیاب تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اپنی ملازمت کا آغاز سن 1998ء میں ضلع باگلکوٹ سے کیا اور سن 2006ء تک وہاں اپنی خدمات انجام دیتے رہے۔ بعد ازاں سن 2006ء سے 2023ء تک ضلع یادگیر میں نمایاں تعلیمی و تدریسی خدمات سرانجام دیں۔ سن 2023ء سے تاحال وہ گورنمنٹ اردو لوئر پرائمری اسکول آلور، تعلقہ جیورگی میں بحیثیت معلم خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ درس و تدریس کے ساتھ ساتھ سماجی اور تنظیمی میدان میں بھی ذاکر حسین چبنور کی خدمات لائقِ ستائش ہیں۔ کراٹا تنظیم کے استحکام، اساتذہ کے مسائل کی نمائندگی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ میں ان کا کردار ہمیشہ نمایاں رہا ہے۔ فی الحال وہ کراٹا کے صوبائی آرگنائزنگ سیکریٹری کی حیثیت سے بھی اہم خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان میں قائدانہ صلاحیتیں بدرجۂ اتم موجود ہیں اور وہ تنظیمی امور کو خوش اسلوبی سے انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
اس موقع پر محمد شفیع احمد نے ذاکر حسین چبنور کی گلپوشی اور شال پوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی اور ان کی آئندہ کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں گلاب شاہ (صوبائی نائب صدر کراٹا)، واجد اختر صدیقی، محمد شفیع، محمد محبوب اتنور، ریاض احمد اور محمد عیسیٰ سمیت دیگر معزز شخصیات شریک رہیں۔
آخر میں ذاکر حسین چبنور نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس محبت، اعتماد اور حوصلہ افزائی کو اپنی مزید ذمہ داری قرار دیتے ہوئے اساتذہ اور تنظیم کی خدمت کے عزم کا اعادہ کیا۔ تقریب کے بعد انھوں نے مہمان نوازی کا بھرپور ثبوت پیش کیا۔
رپورٹ:واجد اختر صدیقی-گلبرگہ کرناٹک
15 جون 2026
Comments
Post a Comment