شریوردھن اور مضافات میں پانی کا سنگین بحران؛ بارش میں غیر معمولی تاخیر اور ڈیم خشک ہونے سے ہاہاکار، 'فلائنگ برڈز ریسکیو ٹیم' کا جنگی بنیادوں پر مفت پانی کی فراہمی کا تاریخی عزم۔


شری وردھن (اظہر کردمے) ​ شریوردھن تعلقہ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں ان دنوں پینے کے پانی کی شدید اور سنگین قلت نے عوام کا جینا دشوار کر دیا ہے۔ مئی اور جون کے مہینوں میں گرمی کی روز افزوں شدت اور اس سال مانسون کی آمد میں ہونے والی غیر معمولی تاخیر نے جلتی پر تیل کا کام کیا ہے۔ صورتحال اس قدر بھیانک رخ اختیار کر چکی ہے کہ شریوردھن نگر پریشد کے ذریعے شہر کوپانی مہیا کرنے والا رانولی ڈیم اور دیگر مقامی تالاب و آبی ذخائر مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں، جس کے نتیجے میں سرکاری پائپ لائن کے ذریعے سپلائی ہونے والا  پانی کا نظامِ آب بری طرح مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شہر کے ساتھ ساتھ مضافاتی دیہاتوں میں بھی کنویں جواب دے چکے ہیں اور شہری بوند بوند پانی کے لیے ترس رہے ہیں۔
​اس قحط سالی اور پُرآشوب دور میں، جب عوام بے یار و مددگار نظر آ رہے تھے، مقامی سطح پر سماجی خدمات اور قدرتی آفات میں پیش پیش رہنے والی معروف تنظیم "فلائنگ برڈز ریسکیو اینڈ ایڈونچرز فورس، شریوردھن" نے حسبِ روایت انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے۔  موجودہ بحران سے نمٹنے کے لیے  مشہور سماجی خدمت گار و تنظیم کے سیکرٹری جناب ہدایت اللہ جمعدار اور فعال رکن و مسلم بزم اتحاد وترقی شریوردھن کے ممبر جناب جنید دوستے کی رہنمائی میں اپنے مخلص اور جاں نثار رضاکاروں کو میدانِ عمل میں اتار دیا  گیا ہے۔ فلائنگ برڈز کی ٹیم شریوردھن کے ہر محلے اور پاکھاڑی کا دورہ کر کے وہاں موجود فعال نجی کنوؤں (Private Wells) کا گہرائی سے جائزہ اور معائنہ کر رہی ہے۔ ان نجی کنوؤں پر تنظیم کی جانب سے فوری طور پر واٹر پمپ نصب کیے جا رہے ہیں اور پلاسٹک کے طویل و وسیع پائپوں کے نیٹ ورک کے ذریعے پورے پورے محلے اور دور دراز کے پیاسے گھروں تک براہِ راست وذات بات کی تفریق کے بناء  ایک انسانیت وخدمت خلق کے طور پر پانی پہنچایا جا رہا ہے۔
​صرف یہی نہیں، بلکہ جہاں پائپ لائن پہنچنا ممکن نہیں، وہاں یہ رضاکار نجی کنوؤں سے پانی نکال کر بڑے واٹر ٹینکرز اور ٹیمپو لوڈ کر رہے ہیں اور شریوردھن تعلقہ کے سنگین حد تک متاثرہ قحط زدہ دیہاتوں میں جنگی پیمانے پر مفت پانی کی رسد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ تنظیم کی انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اس مہم کے دائرہ کار کو مزید وسیع کر کے تعلقہ کے آخری کونے تک پہنچیں گے تاکہ کوئی بھی انسان یا جاندار پیاسا نہ رہے۔
​قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ فلائنگ برڈز ریسکیو ٹیم کا یہ عظیم الشان اور بے لوث ایثار، تنظیم کے دیرینہ جاں نثار اور مخلص رکن مرحوم پرویز حمدولے کی یاد میں کیا جا رہا ہے، جن کا چند ماہ قبل ایک المناک حادثے میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس مہم کو مرحوم کے لیے صدقہ جاریہ کے طور پر منسوب کیا گیا ہے۔
​اس مہم کے تحت کسی بھی ہنگامی ضرورت یا پانی کی فراہمی کے لیے عوام درج ذیل منتظمین اور رضاکاروں سے بلا جھجھک رابطہ قائم کر سکتے ہیں، جو دن رات عوام کی خدمت کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں:

​شاداب پٹیل - 9623597290
​جنید دوستے - 7066616655
​اعجاز کمار - 8805244041
​حافظ متین - 8010228532

​پانی پلانے کا اجرِ عظیم اور ہماری ذمہ
 داری:
مذہبی و اخلاقی نقطہ نظر سے پیاسوں کی پیاس بجھانا کائنات کا سب سے بڑا ثواب اور عظیم ترین نیکی ہے۔ جہاں یہ مہم مرحوم پرویز حمدولے کے درجات کی بلندی کا ذریعہ ہے، وہیں دن رات ایک کرنے والے فلائنگ برڈز کے تمام منتظمین اور مخلص رضاکار بھی اس کے اجرِ عظیم کے برابر کے حقدار ہیں۔ شریوردھن کے باشعور شہریوں نے اس تحریک کو بے حد سراہا ہے اور دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ فلائنگ برڈز ریسکیو ٹیم کے تمام اراکین کی جان و مال میں برکت عطا فرمائے، ان کی اس مخلصانہ خدمتِ خلق کو قبول فرمائے اور انہیں اس نیک مقصد میں شاندار کامیابی سے ہمکنار کرے۔ (آمین)

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔