راویر میں مشعل ہند فاؤنڈیشن کی جانب سے تعزیتی نشست کا انعقاد۔
پریس ریلیز 8 جون، راویر (راست) مرحوم سید فاروق صاحب (مدیر گل بوٹے) اور مشہور و معروف شاعر مرحوم ڈاکٹر بشیر بدر صاحب کی یاد میں 6 جون 2026 بروز سنیچر راویر شہر (شوکت میدان امام باڑاہ) میں ایک تعزیتی و شعری نشست کا انعقاد کیا گیا۔
نشست کا آغاز محمد اوصاف شیخ اعجاز الدین نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، نعتِ رسول لقمان محمود راویری نے اپنی مترنم آواز میں پیش کی۔
اس نشست کی صدارت راویر شہر کی علمی و ادبی شخصیت جناب ایڈووکیٹ سید شیر افگن صاحب نے کی۔ نشست میں بحیثیتِ مہمانانِ خصوصی جناب تنویر رضا برکاتی (برہان پور)، جناب وسیم عقیل شاہ (جلگاؤں)، پرنسپل شکیل خان نصیر خان سر اور جناب شیخ صادق سر کے علاوہ جناب عارف صاحب نے شرکت کی۔
نشست کے تاثراتی مرحلے میں جناب صادق سر صاحب نے مرحوم سید فاروق صاحب کی شخصیت پر روشنی ڈالی نیز معروف افسانہ نگار وسیم عقیل شاہ صاحب نے دونوں مرحومین کے علمی و ادبی کارناموں کو سامعین کے گوشِ گذار کیا، بعد ازاں برہان پور شہر کی علمی، ادبی و سماجی شخصیت محترم جناب تنویر رضا برکاتی صاحب نے اپنے مخصوص لب و لہجے میں مرحوم سید فاروق صاحب کی شخصیت اور ان کی ادبی خدمات کو سامعین کے گوشِ گذار کیا۔
نشست کے دوسرے دور میں راویر شہر کے شعراء نے اپنے کلام سے سامعین کو مسحور و مسرور کیا جن میں جابر راویری، عتیق مرزا رسول پوری، رشید راویری، لقمان محمود راویری اور ساحر نصرت راویری کے نام شامل ہیں۔ نشست کے اختتام میں صدرِ نشست جناب سیّد شیر افگن صاحب نے اپنے صدارتی خطبے میں اردو ادب کی اہمیت و افادیت نیز ضرورت پر روشنی ڈالی۔
اس اہم نشست کی کامیابی کے لئے مشعل ہند فاؤنڈیشن کے اراکین نے بڑی محنتیں اٹھائی جن میں انصار سر، اعجاز سر، سیّد مظفر علی، نثار ایڈووکیٹ، مجاہد شیخ، جابر بھائی، شاہنواز سر، سلطان بھائی، ڈاکٹر کامل احمد، واجد بھائی، وسیم بھائی، مجاہد ممبر، کامل بھائی، وغیرہ کے نام شامل ہیں۔ نشست کی نظامت جناب آصف فراز راویری نے بڑے خوبصورت انداز میں کی۔
Comments
Post a Comment