رحمن فاؤنڈیشن اور طوبہ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گوکاک میں سیرتُ الانبیاءؑ امتحان کے شرکاء میں اسناد و انعامات کی تقسیم۔
رحمن فاؤنڈیشن اور طوبہ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گوکاک میں سیرتُ الانبیاءؑ امتحان کے شرکاء میں اسناد و انعامات کی تقسیم۔
گوکاک (ضلع بیلگاوی کرناٹک)، 21 جون 2026: رحمن فاؤنڈیشن اور طوبہ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام شہر گوکاک میں بروز اتوار 21 جون 2026 کو ’’سیرتُ الانبیاءؑ‘‘ تحریری امتحان میں شریک طلبہ و طالبات کے لیے تقسیمِ اسناد و انعامات کا ایک شاندار اور روح پرور پروگرام منعقد کیا گیا۔پروگرام کی صدارت قاضیِ شہر بیلگاوی حضرت مفتی عبدالعزیز قاسمی نے فرمائی، جبکہ مہمانانِ خصوصی کے طور پر مولانا سلیم ندوی (نائب صدر، جمعیت علمائے ہند، کرناٹک) اور مولانا عیسیٰ بندہ الٰہی (خلیفۂ حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی) شریک ہوئے۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا محمد اعجاز صاحب نے بحسن و خوبی انجام دیے۔پروگرام کا آغاز قاری محمد یونس صاحب کی تلاوتِ کلامِ پاک اور حمدِ باری تعالیٰ سے ہوا۔ اس موقع پر سیرتُ الانبیاءؑ پروگرام کی اہمیت اور افادیت پر مختلف مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، جن میں نسرین چودھری، ڈاکٹر شمشاد صاحبہ، نہا عبداللطیف پیرزادے، قمرالنساء دیسائی، مسکان مجاور، بدرالزماں بیل ہونگل اور معروف شاعر و ادیب آفتاب عالم شاہ نوری شامل تھے۔بعد ازاں اس پروگرام کے روحِ رواں مولانا عبداللہ صاحب نے استقبالیہ و تعارفی کلمات پیش کرتے ہوئے جلسے کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ تعلیمی و تربیتی سلسلہ گزشتہ چھ برسوں سے مسلسل جاری ہے اور اس سال سیرتُ الانبیاءؑ تحریری امتحان میں تقریباً 450 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔مہمانانِ خصوصی کے خطابات میں سب سے پہلے مولانا عیسیٰ بندہ الٰہی صاحب نے نہایت مؤثر اور دل نشین انداز میں سیرتِ انبیائے کرامؑ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی، جس سے حاضرین خوب مستفید ہوئے۔ اس کے بعد مولانا سلیم ندوی صاحب نے اپنے خطاب میں جلسے کے مقاصد بیان کرتے ہوئے موجودہ حالات میں امتِ مسلمہ کی ذمہ داریوں اور نوجوان نسل کی دینی و اخلاقی تربیت کے حوالے سے مفصل گفتگو کی۔خطابات کے بعد نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ تمام شرکائے امتحان کو اسناد اور انبیائے کرام علیہم السلام کا شجرۂ نسب پیش کیا گیا۔ اس موقع پر شہر کے مخیر حضرات اور اہلِ خیر کی خدمات کو بھی سراہا گیا، جنہوں نے اس دینی و تعلیمی منصوبے کو کامیاب بنانے میں بھرپور مالی تعاون فراہم کیا۔پروگرام کے اختتام پر صدرِ جلسہ حضرت مفتی عبدالعزیز قاسمی صاحب نے صدارتی خطاب پیش کرتے ہوئے سیرتِ انبیاءؑ کے مطالعے کی ضرورت اور اس کے عملی تقاضوں پر روشنی ڈالی۔ بعد ازاں ان کی دعا پر یہ بابرکت پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
آفتاب عالم ؔ شاہ نوری
کروشی بلگام کرناٹک
8105493349
Comments
Post a Comment