انجمن ڈگری کالج میں عالمی یومِ ماحولیات کا اہتمام"ماحولیات کا تحفظ ایک روزہ مہم نہیں بلکہ زندگی بھر کی ذمہ داری ہے" — ڈاکٹر رتنا آئرسنگ۔


دھارواڑ 5 جون : (راست) انجمنِ اسلام کے زیرِ انتظام انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ میں آئی کیو اے سی (IQAC) کے زیرِ اہتمام، ماحولیات کلب، شعبۂ جغرافیہ، یومِ تقریبات کمیٹی اور قومی خدمت اسکیم (NSS) یونٹ اول و دوم کے اشتراک سے عالمی یومِ ماحولیات 2026 نہایت جوش و خروش کے ساتھ کالج کے کانفرنس ہال میں منایا گیا۔اس موقع پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر رتنا آئرسنگ سربراہ شعبۂ نباتیات، جے ایس ایس کالج، دھارواڑ نے اپنے خطاب میں ماحولیات کے تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دنیا آج ماحولیاتی آلودگی، جنگلات کی کٹائی، موسمیاتی تبدیلی اور قدرتی وسائل کے بے دریغ استعمال جیسے سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ شجرکاری، پانی کے تحفظ، پلاسٹک کے کم استعمال اور ماحول دوست طرزِ زندگی کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ "ماحولیات کا تحفظ ایک روزہ مہم نہیں بلکہ زندگی بھر کی ذمہ داری اور عہد ہے۔" انہوں نے نوجوانوں کو ماحولیات کے سفیر بننے اور سماج میں بیداری پیدا کرنے کی تلقین بھی کی۔تقریب کی صدارت کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ نے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف علمی ترقی کے مراکز نہیں بلکہ سماجی شعور اور ذمہ دار شہریوں کی تعمیر کے مراکز بھی ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ماحولیات کے تحفظ کو اپنی اجتماعی اور انفرادی ذمہ داری سمجھیں اور کالج سے حاصل ہونے والے شعور کو سماج تک پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت زمین کے حسن، انسانی صحت اور ماحولیاتی توازن کے ضامن ہیں، اس لیے ہر طالب علم کو سال میں کم از کم ایک پودا لگا کر اس کی نگہداشت کا عہد کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں کا مقابلہ صرف حکومتی اقدامات سے ممکن نہیں بلکہ عوامی شرکت اور نوجوان نسل کی بیداری بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے والے طلبہ کی ستائش کرتے ہوئے انہیں معاشرے کے لیے مثالی کردار ادا کرنے کی تلقین کی۔آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر اور این ایس ایس پروگرام آفیسر (یونٹ اول) ڈاکٹر سید تاج النساء نے مہمانوں کا استقبال کیاجبکہ این ایس ایس پروگرام آفیسر (یونٹ دوم) پروفیسر ناگراج کنکنی نے مہمانِ خصوصی کا تعارف پیش کیا۔ شعبۂ جغرافیہ کے ڈاکٹر شانور جمکھنڈی نے اظہارِ تشکر ادا کیا۔پروفیسر شروتی ایس۔ یاوگل مٹھ نے پروگرام کی نظامت کے فرائض بخوبی انجام دیے۔تقریب کے ایک اہم مرحلے میں مہمانانِ خصوصی اور دیگر معزز شخصیات نے کالج کے احاطے میں کدمبا (Neolamarckia cadamba) کا پودا لگا کر شجرکاری مہم کا آغاز کیا اور سرسبز و شاداب ماحول کے فروغ کا پیغام عام کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت طالبہ کماری اقرار النساء نے حاصل کی، جبکہ کماری مبنی دافعیدار نے شلوک پڑھے۔بعد ازاں مہمانانِ خصوصی اور معزز شخصیات نے پودوں کو پانی دے کر تقریب کا افتتاح کیا اور ماحول دوستی کا عملی پیغام دیا۔اس موقع پر پروفیسر شریف صاحب،پروفیسر ایشوریہ لکشمی،ڈاکٹر گیریش، پروفیسر عارفہ ملا، کالج کےدیگر اساتذہ، غیر تدریسی عملے اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شرکاء نے ماحولیات کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کیا۔(رپورٹ: ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،صدرشعبہ اردو ،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ،کرناٹک)

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔