رانی پیٹ میں نئے نصابی کتب کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد۔
رانی پیٹ، یکم جون: (محمد رضوان اللہ کے ذریعے) محکمۂ اسکولی تعلیم، حکومتِ تمل ناڈو کے زیرِ اہتمام رانی پیٹ ٹیچر ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں جماعت اول تا سوم کے اساتذہ کے لیے نئی نصابی کتب اور تدریسی رہنمائی سے متعلق خصوصی تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔
اس تربیتی پروگرام میں ضلع کے مختلف سرکاری اور امدادی اسکولوں سے تعلق رکھنے والے مستقل اور عارضی اساتذہ نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ماہرینِ تعلیم نے نئی نصابی کتب، تدریسی طریقوں، طلبہ مرکز تعلیم اور سرگرمی پر مبنی تدریس کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اس موقع پر ضلع کے چیف ایجوکیشنل آفیسر (CEO) اور ضلع ابتدائی تعلیمی آفیسر (DEEO) نے تربیتی مرکز کا دورہ کیا اور جاری تربیتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اساتذہ سے تبادلۂ خیال کرتے ہوئے نئی تعلیمی پالیسیوں اور نصاب کی مؤثر عمل آوری کے لیے ضروری رہنمائی بھی فراہم کی۔
افسران نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ تربیت میں حاصل ہونے والی معلومات اور جدید تدریسی مہارتوں کو عملی طور پر کلاس روم میں نافذ کریں تاکہ طلبہ کی تعلیمی استعداد اور سیکھنے کی صلاحیت میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
تربیتی پروگرام خوشگوار ماحول میں منعقد ہوا اور شرکاء اساتذہ نے اسے نہایت مفید اور معلوماتی قرار دیا۔ اس موقع پر محکمۂ تعلیم کے مختلف افسران اور تربیت کار بھی موجود تھے۔
Comments
Post a Comment