رحیم خان کو کابینی وزیر بنانے کے مطالبہ پر یوتھ کانگریس کا منفرد احتجاج۔


بیدر، 4 جون (نامہ نگار):  ریاستی کابینہ میں بیدر شمال کے رکن اسمبلی جناب محمد رحیم خان کو شامل کرنے کے مطالبہ کے تحت کانگریس کارکنان اور حامیوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ بدھ کے روز یوتھ کانگریس بیدر اسمبلی حلقہ یونٹ کے کارکنوں نے شہر کے نئی کمان کے قریب محمد رحیم خان کی تصویر کو دودھ سے غسل دے کر منفرد انداز میں احتجاج کیا۔
اس موقع پر کارکنان نے رحیم خان کی تصاویر والے پلے کارڈز تھام رکھے تھے اور ’’رحیم خان کو انصاف دو‘‘، ’’رحیم خان کو وزارت دو‘‘ اور ’’عوام کی خواہش پوری کرو‘‘ جیسے نعرے بلند کیے۔ بعد ازاں کارکنوں نے ان کی تصویر پر دودھ چڑھا کر اپنی حمایت اور محبت کا اظہار کیا۔اس موقع پر
مقررین نے کہا کہ رحیم خان گزشتہ دو دہائیوں سے عوامی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ وہ چار مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں اور دو مرتبہ وزیر کی حیثیت سے بھی کامیاب خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اقلیتی برادری اور پسماندہ طبقات کی ترقی کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، اس لیے انہیں نئی کابینہ میں مناسب نمائندگی دی جانی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ رحیم خان کا شمار ریاست کے سینئر اور تجربہ کار کانگریسی رہنماؤں میں ہوتا ہے۔ بیدر ضلع کے عوام کی دیرینہ خواہش ہے کہ انہیں دوبارہ وزارت کا عہدہ دیا جائے۔ کارکنوں نے کانگریس ہائی کمان اور وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ رحیم خان کو کابینہ میں شامل کرکے ضلع بیدر کے عوام کے جذبات کا احترام کیا جائے۔
احتجاج میں یوتھ کانگریس بیدر اسمبلی حلقہ یونٹ کے صدر شیخ عتیق، بلاک صدر رحیم، سہیل حق، سید ریحان، ایم ڈی کیف، سید خضر، ایم ڈی فاضل، جنید اکرم اور دیگر کارکنان و حامی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔