دھوپت مہاگاؤں طلبہ ہوسٹل میں بنیادی سہولیات کا فقدان، فوری کارروائی کا مطالبہ
بیدر، 19 جون (نامہ نگار): ضلع بیدر کے اوراد (بی) تعلقہ کے دھوپت مہاگاؤں میں واقع میٹرک پری میٹرک طلبہ ہوسٹل میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی، ناقص صفائی اور دیگر مسائل کے باعث طلبہ کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اصلاحی اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
کلیان کرناٹک نرمان سینا کے عہدیداروں نے ضلع پسماندہ طبقات فلاح و بہبود محکمہ کے افسران کو ایک یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہوسٹل میں پینے کے صاف پانی کی مناسب سہولت موجود نہیں ہے، جس کی وجہ سے طلبہ کو روزانہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کے علاوہ بیت الخلاؤں کی خستہ حالی اور صفائی کے ناقص انتظامات سے طلبہ کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔
یادداشت میں بتایا گیا کہ ہوسٹل میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے کی صورت میں استعمال ہونے والا اِنورٹر عرصہ سے خراب پڑا ہے، لیکن اس کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ نتیجتاً طلبہ رات کے اوقات میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے سے محروم ہو رہے ہیں، جس کا براہ راست اثر ان کی تعلیم پر پڑ رہا ہے۔
تنظیم کے ذمہ داران نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مرتبہ شکایات کے باوجود متعلقہ حکام نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طلبہ کے بہتر تعلیمی ماحول اور صحت مند رہائش کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر پینے کے صاف پانی، بیت الخلاؤں کی صفائی، بجلی کے متبادل انتظامات اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
یادداشت میں یہ بھی مطالبہ کیا گیا کہ ہوسٹل کے مسائل کے تدارک میں غفلت برتنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف مناسب کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ طلبہ کو درپیش مشکلات کا مستقل حل ممکن ہو سکے۔
اس موقع پر کلیان کرناٹک نرمان سینا کے ضلعی صدر جیمس اسلام پور، ضلعی عاملہ کے رکن کمل ہاسن بھاویدوڈی، گنپتی دونڈگے، دھرمیندر ٹھاکور (دھوپت مہاگاؤں) سمیت دیگر کارکنان موجود تھے۔
Comments
Post a Comment