دخترِ جلگاؤں، فخرِ کھپولی عرشین اشفاق شیخ کی کامیابی "نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ - بہار پبلک سروس کمیشن میں نمایاں کامیابی، اسسٹنٹ کمشنر سیلز ٹیکس کے عہدے پر تقرری".(عقیل خان بیاولی)


دخترِ جلگاؤں، فخرِ کھپولی عرشین اشفاق شیخ کی کامیابی "نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ - 
بہار پبلک سروس کمیشن میں نمایاں کامیابی، اسسٹنٹ کمشنر سیلز ٹیکس کے عہدے پر تقرری".(عقیل خان بیاولی)

جلگاؤں (عقیل خان بیاولی)

ہو ارادہ اٹل تو معجزہ ایسا بھی ہوتا ہے،
دیے کو زندہ رکھے ہوا، ایسا بھی ہوتا ہے۔

زندگی میں کامیابی صرف وسائل کی مرہونِ منت نہیں ہوتی بلکہ عزم، حوصلہ، محنت اور اللہ تعالیٰ پر کامل توکل انسان کو ناممکن دکھائی دینے والی منزلوں تک پہنچا دیتا ہے۔ جلگاؤں کی قدیم بستی باغبان محلہ، جوشی پیٹھ سے تعلق رکھنے والی عرشین اشفاق شیخ کی کامیابی اسی حقیقت کا روشن ثبوت ہے۔ انہوں نے بہار پبلک سروس کمیشن (BPSC) کا مسابقتی امتحان شاندار انداز میں کامیاب کرکے اسسٹنٹ کمشنر سیلز ٹیکس کے باوقار عہدے پر فائز ہوکر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ جلگاؤں اور کھپولی جہاں اس کی تعلیم و تربیت ہوئی کا نام بھی روشن کیا ہے۔
عرشین شیخ ایک ایسے محنت کش گھرانے سے تعلق رکھتی ہیں جہاں سادگی، محنت اور عزتِ نفس کو ہمیشہ اولین ترجیح دی گئی۔ وہ زرعی مزدور اور پھل فروش خانوادے کے بزرگ عبدالکریم باغبان کی پوتی اور محمد اشفاق شیخ (باغبان) کی لختِ جگر ہیں۔ محدود وسائل اور نامساعد حالات کے باوجود انہوں نے اپنی تعلیم کا سفر نہیں روکا بلکہ ہر مشکل کو عزم و استقلال سے شکست دی۔
یہ حقیقت کسی سے پوشیدہ نہیں کہ معاشرے کی ترقی میں لڑکیوں کی تعلیم بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے۔ جب ایک لڑکی تعلیم یافتہ ہوتی ہے تو دراصل ایک خاندان، ایک نسل بلکہ پورا معاشرہ تعلیم و شعور کی روشنی سے منور ہوتا ہے۔ اسلام نے بھی علم کے حصول کو مرد و زن دونوں پر فرض قرار دیا ہے۔ موجودہ دور میں جب بہت سی لڑکیاں سماجی دباؤ، معاشی تنگی یا محدود مواقع کے باعث اپنے خواب ادھورے چھوڑ دیتی ہیں، ایسے میں عرشین اشفاق جیسی مثالیں امید کی نئی کرن بن کر سامنے آتی ہیں۔
عرشین کے اندر غیر معمولی صلاحیتوں کا اظہار میٹرک کے بعد نمایاں ہوا۔ اساتذۂ کرام، والدین اور بھائی توصیف نے ان کی مسلسل رہنمائی کی۔ بعد ازاں انہوں نے اعلیٰ تعلیم کے لیے پونے کا رخ کیا اور گریجویشن مکمل کیا۔ ممبئی میں حج کمیٹی آف انڈیا سے وابستگی کے ساتھ انہوں نے مسابقتی امتحانات کی تیاری جاری رکھی۔ آئی اے ایس بننے کا خواب آج بھی ان کی آنکھوں میں زندہ ہے اور اس سمت ان کی جدوجہد مسلسل جاری ہے۔
ان کی کامیابی کے پس منظر میں ایک اور اہم نام شمش الدین شیخ کا ہے، جو اسٹار ہلپ لائن کے صدر ہیں۔ انہوں نے نہ صرف رہنمائی فراہم کی بلکہ قدم قدم پر تعاون اور حوصلہ افزائی بھی کی۔ اکثر کامیاب لوگوں کے پیچھے ایسے خاموش کردار ہوتے ہیں جو روشنی میں نہیں آتے مگر کامیابی کی بنیاد مضبوط کرتے ہیں۔
محنت کی عظمت یہی ہے کہ وہ انسان کو اس مقام تک پہنچا دیتی ہے جہاں قسمت بھی راستہ بدلنے پر مجبور ہوجاتی ہے۔ دنیا کا کوئی بھی عظیم کارنامہ محنت کے بغیر ممکن نہیں۔ پسینہ بہائے بغیر فصل نہیں اگتی، راتوں کی جاگ کے بغیر خواب حقیقت نہیں بنتے، اور قربانی کے بغیر کامیابی مکمل نہیں ہوتی۔ عرشین باغبان کی کامیابی نوجوان نسل کو یہی پیغام دیتی ہے کہ غربت، جغرافیہ یا وسائل کی کمی رکاوٹ ضرور بن سکتے ہیں، مگر مستقل مزاجی کے سامنے دیوار نہیں بن سکتے۔
اپنی کامیابی پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے عرشین اشفاق نے کہا: "کوشش جاری رکھیں، اللہ تعالیٰ کی ذات پر بھروسہ رکھیں، اپنی صلاحیت پہچانیں اور واضح مقصد طے کریں۔ کامیابی ان شاء اللہ ضرور ملے گی۔ میری آئی اے ایس کی تیاری اب بھی جاری ہے۔ میں خصوصاً نوجوانوں اور بہنوں سے کہوں گی کہ مثبت سوچ اپنائیں، دین کا دامن مضبوطی سے تھامے رکھیں، سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے بچیں اور والدین کے فرمانبردار بنیں۔" 
انہوں نے اپنی کامیابی کو اللہ تعالیٰ کا فضل قرار دیتے ہوئے اپنے مرحوم دادا دادی، والدین، بھائی توصیف، بہنوں، اساتذہ اور تمام خیرخواہوں کا شکریہ ادا کیا۔
عرشین باغبان کی کامیابی اس بات کا اعلان ہے کہ بیٹی بوجھ نہیں، معاشرے کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اگر اسے تعلیم، اعتماد اور مواقع دیے جائیں تو وہ خاندان کی عزت، سماج کی رہنما اور قوم کا سرمایہ بن سکتی ہے۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہر گھر اپنی بیٹی کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرے، اس کے خوابوں کو پر دے اور اس کے حوصلے کو کمزور نہ ہونے دے۔
عرشین اشفاق کی یہ کامیابی صرف ایک فرد کی جیت نہیں بلکہ تعلیم، محنت، حوصلے اور امید کی فتح ہے۔ یقیناً ان کا سفر آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔