احمد مسیح الدین: سادگی، انکساری اور خلوص کا پیکر وظیفۂ حسنِ خدمات سے سبکدوشی کے موقع پر اساتذہ کا اظہارِ خیال۔
گلبرگہ، 7 جون (ای میل): واجد اختر صدیقی کے پریس نوٹ کے مطابق احمد مسیح الدین، معلم گورنمنٹ اردو ہائیر پرائمری اسکول ہفت گنبد تعلقہ کلبرگی نارتھ، تقریباً تین دہائیوں تک درس و تدریس کے مقدس پیشے سے وابستہ رہے۔ انہوں نے اپنی طویل خدمات محنت، دلچسپی، جستجو اور لگن کے ساتھ انجام دیں۔ نام و نمود سے بے نیاز رہتے ہوئے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے اپنی صلاحیتوں اور توانائیوں کو وقف رکھا۔ احمد مسیح الدین نے اپنی تدریسی خدمات کا آغاز سیڑم تعلقہ کے موضع اڈگی کے اردو مدرسے سے کیا۔ اس کے بعد رٹکل (چنچولی)، مرڈی، تڑکل (الند) سے ہوتے ہوئے ان کا تعلیمی سفر ہفت گنبد (کلبرگی نارتھ) تک جاری رہا۔
احمد مسیح الدین کی شخصیت سادگی، ایثار اور قربانی کے اوصاف سے آراستہ ہے۔ انہوں نے اپنے طلبہ کے ساتھ ہمیشہ ہمدردی، شفقت اور حسنِ اخلاق کا برتاؤ کیا۔ ان کی سروس کا بیشتر حصہ دیہی علاقوں میں گزرا، اس لیے انہیں اس بات کا عملی تجربہ حاصل ہے کہ پسماندہ علاقوں کے طلبہ کی تعلیم و تربیت کس طرح مؤثر انداز میں کی جا سکتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مدرسہ ہذا میں احمد مسیح الدین کے 31 مئی 2026 کو وظیفۂ حسنِ خدمات سے سبکدوشی کے ضمن میں ان کے اعزاز میں بہ تاریخ 6 جون، بہ صدارت آصفہ بانو صدر معلمہ منعقدہ وداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان اساتذہ نے کیا۔
اجلاس کا آغاز مجیب الرحمن، جماعت پنجم کے طالب علم، کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ بعد ازاں نجم السحر نے حمدِ باری تعالیٰ پیش کی اور عمیمہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ عبدالواحد اردو سی آر پی جیورگی نے احمد مسیح الدین کا جامع تعارف پیش کیا۔
محمد سالار مسعود اردو ای سی او ڈی ڈی پی آئی آفس گلبرگہ، اے ڈی باشاہ ضلعی صدر کراٹا گلبرگہ، عثمان باشاہ جنرل سیکرٹری کراٹا گلبرگہ، واجد اختر صدیقی معلم، محمد جاوید اردو سی آر پی آدرش نگر، عبدالجلیل سوداگر اردو سی آر پی مدینہ کالونی،ڈاکٹر احمد خان جنرل سرجن ڈاکٹر محسن، احمد، احمد سعید الدین اور احمد شجاع الدین (برادران احمد مسیح الدین)، عبدالواحد اردو سی آر پی جیورگی، نظام پٹیل ضلعی خازن کراٹا گلبرگہ، دلشاد بیگم صدر معلمہ، دولا صاحب صدر ایس ڈی ایم سی اڈگی اور عبدالرحیم نے بہ حیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔
وداعی تقریب کی نظامت کے فرائض محمد رفیق سابق اردو سی آر پی روضتین نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیے۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک سرکاری ملازم کی زندگی میں دو مرحلے نہایت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں؛ ایک تقرری کا دن اور دوسرا سبکدوشی کا لمحہ۔ انہوں نے احمد مسیح الدین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خدمت کا جذبہ عمر کی کسی قید کا محتاج نہیں ہوتا، اس لیے وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی سماجی اور تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ تمام مقررین نے ان کے حق میں دعا کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مدرسہ ہذا کے اسٹاف کی جانب سے احمد مسیح الدین اور ان کی اہلیہ کی خدمت میں پرتپاک تہنیت پیش کرتے ہوئے ان کی گراں قدر خدمات کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ کراٹا گلبرگہ کی جانب سے بھی ان کی خدمت میں گلہائے عقیدت پیش کیے گئے۔ اس موقع پر احمد مسیح الدین کے چاہنے والوں نے بہ کثرت گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے اپنی محبتوں اور عقیدتوں کا اظہار کیا اور تحائف پیش کیے۔
اس موقع پر ذاکر حسین صدر ایس ڈی ایم سی،محمد مختار ہائ اسکول ٹیچر شاہ پور، محمد سلیم صدر مدرس، صابر حسین کنڈالے مدرس، صابر حسین معلم، اسما جبین صدر معلمہ، شاہین بیگم معلمہ، نعیم سلطانہ معلمہ، رفعت جہاں موظف معلمہ سید فضل اور شہناز بیگم موظف صدر معلمہ موجود تھے۔ مدرسہ ہذا کے معلم عمران احمد، معلمات میں زاہدہ بیگم اور فرزانہ بیگم نے اس وداعی تقریب کے انعقاد میں جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیا۔
احمد مسیح الدین کے فرزندان عبداللہ اور عبدالرحمن نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا۔ آخر میں احمد مسیح الدین نے اپنی جانب سے مدرسے کے لیے ایک انمول تحفہ پیش کیا اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ اپنے تاثرات میں انہوں نے جدائی کے ان لمحات کو صبر آزما قرار دیتے ہوئے تمام شرکاء، رفقائے کار اور مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا۔
آصفہ بانو صدر معلمہ نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے شکریے کا فریضہ انجام دیا۔ آخر میں احمد مسیح الدین نے تمام حاضرین کے لیے پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا۔ اس موقع پر اساتذہ، طلبہ، احباب اور بہی خواہانِ احمد مسیح الدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔
رپورٹ: واجد اختر صدیقی، گلبرگہ
7 جون 2026
Comments
Post a Comment