بیدر کی ماں اور بیٹے نے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درج کرایا نام موسیقی کے میدان میں تاریخی کامیابی، ضلع بیدر کا وقار بلند۔


بیدر، 14 جون (نامہ نگار): بیدر ضلع کے لیے باعثِ فخر اور خوشی کی خبر ہے کہ بیدر سے تعلق رکھنے والی ماں اور بیٹے کی جوڑی نے اپنی غیر معمولی موسیقی صلاحیتوں کے ذریعہ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنا کر ضلع، ریاست اور ملک کا نام روشن کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بیدر کے آنند بھاسکر خاندان سے تعلق رکھنے والی کومل پردیپ اور ان کے فرزند پرتیک نے دنیا کے سب سے بڑے الیکٹرانک کی بورڈ گروپ پرفارمنس میں شرکت کرتے ہوئے یہ تاریخی اعزاز حاصل کیا۔ یہ بین الاقوامی پروگرام 2 فروری 2026 کو حیدرآباد میں گنیز ورلڈ ریکارڈس کے نمائندوں کی نگرانی میں منعقد ہوا، جس میں 22 ممالک سے تقریباً دو ہزار کی بورڈ فنکار شریک ہوئے۔
اس منفرد پروگرام میں ایک گھنٹے تک مسلسل کی بورڈ بجانے کا مظاہرہ کیا گیا۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ کے تمام معیارات پر پورا اترنے والے 777 شرکاء کو باضابطہ طور پر عالمی ریکارڈ ہولڈر قرار دیا گیا، جن میں کومل پردیپ اور ان کے صاحبزادے پرتیک بھی شامل ہیں۔
اس عظیم کامیابی کے اعتراف میں حیدرآباد کے وکٹری آڈیٹوریم میں منعقدہ ’’گنیز اچیورز میٹ‘‘ کے دوران کامیاب شرکاء کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کے سرٹیفکیٹس اور یادگاری تمغے پیش کیے گئے۔
پرتیک اس وقت حیدرآباد کے ایک بین الاقوامی اسکول میں زیر تعلیم ہیں۔ اسکول انتظامیہ نے ان کی اس غیر معمولی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر حاصل کیا گیا یہ اعزاز ادارہ اور طلبہ برادری دونوں کے لیے باعثِ افتخار ہے۔
بیدر کی اس ماں اور بیٹے کی شاندار کامیابی پر مختلف سماجی، تعلیمی اور ثقافتی تنظیموں کے ذمہ داران، معززین شہر اور عوام نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔