کُلسوم آراء کی کامیابی دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے: ڈاکٹر سید حسین اختر - ضلع بیڑ میں اُردو مضمون میں اول مقام حاصل کرنے والی کُلسوم آراء جاگیردار کا تنظیمِ ترقیِ اُردو کی جانب سے شاندار استقبال


بیڑ، 17 جون: شہرِ بیڑ کے نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ انتظام الہدیٰ اُردو ہائی اسکول، بیڑ کی جماعت دہم کی ہونہار طالبہ شیخ کُلسوم آراء منور پاشاہ جاگیردار نے سال 2026 کے ایس ایس سی بورڈ امتحان میں اُردو مضمون میں 100 میں سے 96 نشانات حاصل کرکے ضلع بیڑ میں اول مقام حاصل کیا ہے۔ ان کی اس شاندار کامیابی پر مہاراشٹر اسٹیٹ اُردو اکیڈمی کے چیئرمین اور تنظیمِ ترقیِ اُردو کے صدر ڈاکٹر سید حسین اختر کی جانب سے ان کا خصوصی استقبال اور اعزاز کیا گیا۔
اس اعزازی تقریب میں طالبہ کو سندِ تہنیت، ٹرافی اور گلپوشی کے ذریعے مبارکباد پیش کی گئی۔ تقریب میں نور ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر سید مظہر قادری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر اسکول کے صدر مدرس ڈاکٹر پٹھان سراج خان نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے طالبہ کی کامیابی کو سراہا اور ادارے کی تعلیمی خدمات و پیش رفت پر روشنی ڈالی۔
استقبالی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سید حسین اختر نے اُردو زبان کی تہذیبی، ادبی اور سماجی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنی مادری زبان اُردو زبان کے تحفظ، فروغ اور ترویج کے لیے بھی سنجیدہ کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ کُلسوم آراء کی یہ نمایاں کامیابی دیگر طلبہ کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب میں موجود دیگر معززین نے بھی طالبہ کی محنت، لگن اور تعلیمی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان کے آئندہ تعلیمی سفر کے لیے نیک خواہشات پیش کیں۔ پروگرام کے اختتام پر اُردو مضمون کے معاون استاد سید رہبر نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔
اس موقع پر اسکول کے تمام اساتذہ، غیر تدریسی عملہ موجود تھا۔ طالبہ کے والد منور پاشا جاگیردار بھی تقریب میں شریک تھے۔ کُلسوم آراء جاگیردار کی اس نمایاں کامیابی سے الہدیٰ اُردو ہائی اسکول اور ضلع بیڑ کے تعلیمی میدان کا وقار بلند ہوا ہے، جبکہ مختلف حلقوں کی جانب سے انہیں مبارکبادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔