ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری سے قبل رحیم خان کی کانگریس قائدین کے اہم اجلاس میں شرکت۔
بیدر،بنگلورو، 3 جون (نامہ نگار): کرناٹک کے نامزد وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کی تاریخی حلف برداری تقریب سے قبل سابق وزیر اور کانگریس کے سینئر رہنما جناب الحاج محمد رحیم خان نے لوک بھون، بنگلورو میں منعقدہ کانگریس کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی۔ اس اہم نشست میں ملک و ریاست کے متعدد بااثر کانگریس قائدین شریک ہوئے اور عوامی فلاح و بہبود، ترقی اور سماجی انصاف سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، نائب وزیر اعلیٰ بھٹی وکرمارکا، وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی، وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، وزیر ریونیو پونگولیٹی سرینواس ریڈی، رکن پارلیمان جی کمار نائک سمیت دیگر سینئر قائدین نے شرکت کی۔ قائدین نے ملک اور ریاست میں عوامی امنگوں کی تکمیل، سماجی مساوات اور جامع ترقی کے لیے مل جل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر جناب محمد رحیم خان نے مختلف قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے کرناٹک کی موجودہ سیاسی صورتحال، ریاست کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔ اجلاس کے شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ کانگریس پارٹی عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بناتے ہوئے ترقی، خوشحالی اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
قائدین نے کہا کہ کانگریس کے قومی رہنما راہل گاندھی کے وژن کے مطابق عوامی خدمت، شفاف حکمرانی اور ہمہ جہت ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا اور شرکاء نے ڈی کے شیوکمار کی حلف برداری تقریب کو ریاست کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور یادگار موقع قرار دیا۔
Comments
Post a Comment