نشہ مخالف ہفتہ کے تحت رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں طلبہ کی رہنمائی۔


بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) نوجوان نسل کو منشیات اور دیگر نشہ آور اشیاء کی لت سے محفوظ رکھنے، ان کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے اور صحت مند و مثبت طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینے کے مقصد سے محکمہ پولیس، کمشنر آف پولیس تھانے، بھیونڈی سٹی پولیس اسٹیشن اور رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے اشتراک سے ”نشہ مخالف ہفتہ“ کے تحت ایک خصوصی بیداری و رہنمائی پروگرام کا انعقاد منگل 23 جون 2026 کو کیا گیا۔اس موقع پر بھیونڈی سٹی پولیس اسٹیشن کے پی ایس آئی وجے کاڈالے، رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری، پولیس نائک شرد سناپ، پولیس کانسٹیبل جوالے، وائس پرنسپل عامر صدیقی، سپروائزر اسرار پٹھان، اساتذہ کرام اور کثیر تعداد میں طلبہ موجود تھے۔پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس آئی وجے کاڈالے نے کہا کہ منشیات کا استعمال نہ صرف انسانی صحت کو تباہ کرتا ہے بلکہ تعلیمی، سماجی اور خاندانی زندگی پر بھی انتہائی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نشہ آور اشیاء سے مکمل اجتناب برتنے، اچھی صحبت اختیار کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو تعلیم، کھیل اور دیگر تعمیری سرگرمیوں میں بروئے کار لانے کی تلقین کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان اگر اپنی توانائیوں کو مثبت سمت میں استعمال کریں تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے معاشرے کے لیے مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔رئیس ہائی اسکول کے پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ نوجوان نسل ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ اور روشن مستقبل ہے۔ انہیں منشیات جیسی سماجی برائیوں سے محفوظ رکھنا والدین، اساتذہ، انتظامیہ اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ خود بھی ہر قسم کے نشے سے دور رہیں اور اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور اہلِ خانہ میں بھی اس کے خلاف بیداری پیدا کریں۔پولیس نائک شرد سناپ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اکثر نوجوان شوقیہ تجربے، تجسس یا بری صحبت کے باعث منشیات کے عادی بن جاتے ہیں، جس کے نتائج نہایت تباہ کن ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات کے خوفناک چنگل سے نکالنے کے لیے حکومت کی کوششوں کے ساتھ ساتھ سماج کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔پروگرام کے دوران طلبہ نے بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کیا اور نشے کے نقصانات اور اس سے بچاؤ کے مختلف پہلوؤں پر معلومات حاصل کیں۔نظامت اور رسم شکریہ کا فریضہ عامر صدیقی نے ادا کیا۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔