کے کے اردو گرلز ہائی اسکول میں شاندار ’’جشن اسکول داخلہ ‘‘ کا انعقاد۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : کے کے اردو گرلز ہائی اسکول اور ڈاکٹر شاہین قاضی جونیئر کالج میں نئے تعلیمی سال 2026-27 کے آغاز کے موقع پر 15 جون 2026 کو نہایت جوش و خروش کے ساتھ اسکول داخلہ(جشن) اُتسو منایا گیا۔ تقریب ادارے کی ہیڈمسٹریس تنویـر جہاں شیخ کی رہنمائی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر مہمانانِ خصوصی کے طور پر ادارہ کے معاون سیکریٹری زاہد بھائی شاہ، معلمات شکیلہ شیخ، نازیہ شیخ، جمیلہ خان اور اساتذہ ذاکر شاہ، عمران خان و سید وسیم موجود تھے۔
آغاز روح پرور تلاوتِ قرآنِ مجید سے ہوا۔ بعد ازاں زاہد بھائی شاہ نے جماعت پنجم تا ہشتم کی طالبات کا گل دستے پیش کرکے استقبال کیا اور انہیں مفت نصابی کتب تقسیم کرتے ہوئے نئے تعلیمی سال کی مبارکباد پیش کی۔ ہیڈمسٹریس تنویـر جہاں شیخ نے اپنے خطاب میں طالبات کو نئے تعلیمی سال کی ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ ایک کامیاب طالب علم بننے کے لیے کتابوں سے دوستی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے طالبات کو محنت، نظم و ضبط اور لگن کے ساتھ تعلیم حاصل کرنے کی تلقین کی۔
تقریب کی نظامت تبریز شیخ نے انجام دی، جبکہ آخر میں رضوانہ سید نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
Comments
Post a Comment