بھونڈی کے ’’صبح و شام‘‘ کے مدیر عبدالجلیل انصاری صحت یاب ہو کر اسپتال سے گھر واپس، عیادت کرنے والوں کا تانتا۔
بھونڈی: سینئر صحافی، سماجی و ادبی شخصیت، اردو ہفت روزہ ’’صبح و شام‘‘ کے بانی و مدیر اور ادبی تنظیم بزمِ یارانِ ادب (رجسٹرڈ) کے سابق جنرل سیکریٹری کامریڈ عبدالجلیل انصاری ممبئی کے سائن اسپتال میں کامیاب پیچیدہ آپریشن کے بعد صحت یاب ہو کر اپنے گھر واپس آگئے ہیں۔ ان کی گھر واپسی کے بعد مزاج پرسی، عیادت اور نیک تمناؤں کے اظہار کے لیے دوستوں، عزیز و اقارب اور خیرخواہوں کا مسلسل تانتا بندھا ہوا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق کامریڈ عبدالجلیل انصاری گزشتہ کئی ماہ سے پیروں میں شدید درد کی تکلیف میں مبتلا تھے۔ طبی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ ان کے پیروں کی کئی رگیں بند ہو چکی ہیں، جس کے باعث فوری جراحی (آپریشن) ناگزیر ہوگئی تھی۔ ماہر ڈاکٹروں کے مشورے پر 3 جون 2026 کو ممبئی کے سائن اسپتال میں ان کا آپریشن کیا گیا، جو اللہ کے فضل و کرم سے کامیاب رہا۔
اسپتال سے رخصت ہونے کے بعد جب وہ اپنے گھر پہنچے تو ان کے دوستوں، خیرخواہوں اور رشتہ داروں نے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسی سلسلے میں صحافی فہیم انصاری، خان ذاکر حسین اور عبدالعزیز انصاری نے بھی ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی عیادت کی اور کافی دیر تک مختلف موضوعات پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر کامریڈ عبدالجلیل انصاری نے اپنی صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والے تمام دوستوں، خیرخواہوں اور رشتہ داروں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ڈاکٹروں اور اسپتال کے عملے کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم، اپنوں کی دعاؤں اور معالجین کی انتھک محنت کی بدولت وہ تیزی سے روبۂ صحت ہیں۔
انہوں نے معاشرے میں محبت، بھائی چارے، باہمی ہم آہنگی اور ایثار و قربانی کے جذبے کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری انسانیت کو بیماریوں، پریشانیوں، قدرتی آفات اور ہر قسم کے دکھ درد سے محفوظ رکھے۔
Comments
Post a Comment