رنگم پیٹ تماپور میں ایس آئی آر کے متعلق کامیاب ورکشاپ کا انعقاد۔
رنگم پیٹ، 21 جون (نامہ نگار: رہبر تماپوری) آئندہ 30 جون سے شروع ہونے والے خصوصی نظرِ ثانی عمل (SIR) کے پیشِ نظر یوسفیہ فنکشن ہال، رنگم پیٹ میں ایک اہم عوامی بیداری و رہنمائی اجلاس اور تربیتی ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کا مقصد عوام کو ووٹر فہرستوں کی درستگی، مطلوبہ دستاویزات، درخواست فارم کی تکمیل اور آن لائن سہولیات کے استعمال کے بارے میں مکمل معلومات فراہم کرنا تھا۔ اجلاس میں علاقے کے معززین، سماجی کارکنان، نوجوانوں اور عوام الناس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت جناب حاجی قاسم علی صاحب بلچکر نے فرمائی، جبکہ جناب عبدالغفار صاحب نگنوری اور جناب شیخ محبوب صاحب ونٹی نے سرپرستی کے فرائض انجام دیے۔ اس موقع پر جناب قمرالدین صاحب نارائن پیٹھ، جناب لیاقت حسین صاحب پھنی بند، جناب ظہیر صاحب اور جناب غوث صاحب کنی بطور مہمانانِ اعزازی شریک ہوئے۔ گلبرگہ سے تشریف لانے والے خصوصی وفد نے بھی اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے عوام کو مفید معلومات فراہم کیں۔
پروگرام کا آغاز مفتی شیخ داؤد ندوی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔ پھر حافظ اعجاز احمد نے نعتیہ اشعار گنگنائے اس کے بعد مہمان خصوصی نے SIR کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ووٹر فہرستوں کی درستگی ایک مضبوط جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی معلومات کی جانچ کریں اور اگر کسی قسم کی اصلاح یا اندراج درکار ہو تو مقررہ وقت کے اندر اس کی تکمیل کریں۔
ورکشاپ کے دوران شرکاء کو درخواست فارم بھرنے کی عملی تربیت دی گئی۔ ماہرین نے نمونہ فارم کے ذریعے مرحلہ وار رہنمائی کرتے ہوئے بتایا کہ فارم میں ذاتی معلومات کس طرح درج کی جائیں، تصویر لگانے کے کیا اصول ہیں اور کن دستاویزات کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ شرکاء کو یہ بھی بتایا گیا کہ فارم کے مختلف خانوں کو احتیاط اور درستگی کے ساتھ پُر کرنا ضروری ہے تاکہ بعد میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
تربیتی نشست میں خاص طور پر اس بات کی وضاحت کی گئی کہ فارم کے ساتھ حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر لگائی جائے اور تصویر کا پس منظر سفید ہو۔ اسی طرح تاریخِ پیدائش، شناختی معلومات اور دیگر تفصیلات درست انداز میں درج کرنے کے طریقے کو مثالوں کے ذریعے سمجھایا گیا۔
مہمان مقرر نے سال 2002 کی ووٹر فہرستوں، خاندانی اندراج اور خاندان کے افراد کے ساتھ ربط قائم کرنے کے طریقۂ کار کے بارے میں بھی تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ اگر کسی کا نام سابقہ ریکارڈ میں موجود ہو تو متعلقہ معلومات درج کی جائیں، اور اگر ریکارڈ دستیاب نہ ہو تو مقررہ طریقے کے مطابق خاندانی معلومات فراہم کی جائیں۔
اجلاس کا ایک اہم حصہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق تھا۔ شرکاء کو موبائل فون کے ذریعے اپنی انتخابی معلومات تلاش کرنے، حلقہ نمبر معلوم کرنے اور ضروری تفصیلات حاصل کرنے کا عملی طریقہ سکھایا گیا۔ حاضرین نے اپنے موبائل فون استعمال کرتے ہوئے مختلف مراحل کی مشق بھی کی اور ماہرین سے براہِ راست رہنمائی حاصل کی۔
سوال و جواب کی نشست میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے مختلف سوالات پیش کیے۔ ماہرین نے فارم کی تکمیل، مطلوبہ دستاویزات، عمر کے اندراج، خاندانی تفصیلات اور دیگر معاملات سے متعلق سوالات کے تفصیلی اور تسلی بخش جوابات دیے۔ اس نشست سے حاضرین کے بہت سے شکوک و شبہات دور ہوئے اور انہیں پورے عمل کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔
شرکاء نے اس تربیتی پروگرام کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں خصوصی نظرِ ثانی عمل کے بارے میں واضح معلومات حاصل ہوئیں اور فارم بھرنے کے عملی طریقے کو سمجھنے میں مدد ملی۔ انہوں نے منتظمین کی اس کوشش کو عوامی خدمت کا ایک قابلِ قدر اقدام قرار دیا۔
پروگرام کے دوران مہمانانِ گرامی اور شرکاء کی تواضع کے لیے چائے اور بسکٹ کا اہتمام بھی کیا گیا۔ پروگرام کی نظامت، استقبالیہ اور مہمانوں کا شکریہ مفتی محمد اقبال صاحب قاسمی ونٹی نے ادا کیا، جبکہ محمد رفیق راؤر، سیکریٹری مسجد ہٰذا نے تمام مہمانانِ گرامی، گلبرگہ سے تشریف لانے والے وفد، سماجی کارکنان اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
اجلاس اس پیغام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا کہ 30 جون سے شروع ہونے والے خصوصی نظرِ ثانی عمل میں عوام بھرپور حصہ لیں، اپنی معلومات کی درستگی کو یقینی بنائیں اور دوسروں کو بھی اس اہم عمل کے بارے میں آگاہ کریں تاکہ ہر اہل شہری کا حقِ رائے دہی محفوظ رہ سکے۔
نامہ نگار: رہبر تماپوری
Comments
Post a Comment