بہاراں بھیج دے یا رب… کی صداؤں سے گونج اٹھا عیدگاہ میدان، ہزاروں افراد نے ادا کی نمازِ استسقاء۔


جلگاؤں (عقیل خان بیاولی): شہر کے عیدگاہ میدان میں آج بارانِ رحمت کی دعا کے لیے ہزاروں فرزندانِ اسلام جمع ہوئے، جہاں نمازِ استسقاء ادا کی گئی اور اللہ رب العزت کے حضور رحمت و برکت والی بارش کے لیے اجتماعی دعائیں مانگی گئیں۔ میدان "بہاراں بھیج دے یا رب" کی درد بھری صداؤں اور آہوں سے گونج اٹھا۔
جون کا مہینہ اختتام کی جانب گامزن ہے، مگر اب تک خاطر خواہ بارش نہ ہونے کے باعث عام زندگی شدید متاثر ہو رہی ہے۔ انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور، پرندے، درخت اور پودے بھی پانی کی شدید قلت سے بے حال ہیں۔ ہر طرف بارش کی منتظر نگاہیں آسمان کی جانب لگی ہوئی ہیں۔ ان نازک حالات کے پیشِ نظر آج صبح سات بجے سے ہی شہر کے ہزاروں افراد عیدگاہ میدان میں جمع ہونا شروع ہوگئے۔ اس موقع پر جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر حضرت مفتی محمد ہارون ندوی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ بعض اوقات انسانوں کے گناہ اللہ تعالیٰ کی رحمت کو روک دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بندہ اخلاص کے ساتھ توبہ کرتا ہے، اپنے گناہوں پر نادم ہوکر اللہ کے حضور گڑگڑاتا اور معافی طلب کرتا ہے تو ربِ کریم اپنی رحمت کے دروازے کھول دیتا ہے۔ انہوں نے حضور اکرم ﷺ کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ قحط یا بارش کی کمی کے وقت کھلے میدان میں نماز ادا کرکے اللہ تعالیٰ سے اجتماعی دعا کرنا سنتِ نبویؐ ہے۔ بعد ازاں مولانا عثمان صاحب نے دو رکعت نمازِ استسقاء پڑھائی۔ نماز کے بعد حضرت مفتی محمد ہارون ندوی نے خطبہ پیش کیا اور انتہائی رقت آمیز انداز میں بارگاہِ الٰہی میں ہاتھ اٹھا کر دعا فرمائی۔ انہوں نے پوری انسانیت پر رحم فرمانے، خشک سالی سے نجات عطا کرنے اور رحمتوں بھری بارش نازل کرنے کی التجا کی۔
اس موقع پر کئی افراد اپنے جانوروں گائے، بیل، بھیڑ اور بکریوں کو بھی ساتھ لائے تھے۔ بتایا گیا کہ یہ بھی سنت کے طریقوں میں شامل ہے تاکہ بے زبان مخلوق پر رحم کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ بارش نازل فرمائے۔ ہزاروں لوگوں کی اشکبار آنکھیں، دعا کے لیے اٹھے ہاتھ اور سوز و گداز سے لبریز منظر اس بات کا گواہ تھا کہ سچی دعا کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ حاضرین کے چہروں پر یہ یقین نمایاں تھا کہ اللہ تعالیٰ ان کی فریاد ضرور سنے گا اور جلد اپنی رحمتوں کی بارش نازل فرمائے گا۔
پروگرام کے دوران عیدگاہ ٹرسٹ کی جانب سے تمام ضروری انتظامات نہایت انجام دیے گئے۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔