رحیم خان کو وزیر بنانے کے مطالبہ پر کانگریس کارکنوں کا احتجاج۔
بیدر، 18 جون (نامہ نگار): بیدر ضلع کے جنواڑہ گاؤں میں کانگریس کارکنوں نے بیدر کے رکنِ اسمبلی اور سابق وزیرجناب محمد رحیم خان کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کے مطالبہ پر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کارکنوں نے حکومتِ کرناٹک سے مطالبہ کیا کہ عوامی خدمات، سیاسی تجربے اور پارٹی کے لیے ان کی گرانقدر خدمات کے پیشِ نظر انہیں فوری طور پر وزیر بنایا جائے۔
احتجاج کے دوران کارکنوں نے محمد رحیم خان کے حق میں نعرے بلند کیے اور کہا کہ وہ چار مرتبہ رکنِ اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں جبکہ دو مرتبہ وزیر کی حیثیت سے بھی کامیابی کے ساتھ خدمات انجام دے چکے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ رحیم خان نے اپنے سیاسی سفر میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور سماجی ہم آہنگی کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔
مظاہرین نے کہا کہ رحیم خان تمام طبقات، مذاہب اور برادریوں میں یکساں مقبولیت رکھتے ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ ان کی قیادت اور تجربہ ریاستی حکومت اور کانگریس پارٹی کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔ کارکنوں نے زور دے کر کہا کہ اگر انہیں کابینہ میں شامل کیا جاتا ہے تو نہ صرف ضلع بیدر بلکہ پورے کلیان کرناٹک خطے کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
اس احتجاج میں چاند پاشا، کرشنا، جے راج پاٹل، شیر خان، پرمیش بمبلی، قیوم علی امبر، ویر شیٹی بویہ مرکھل، جے راج مرکھل، شفیع پٹیل، تاج پٹیل سمیت کانگریس کے متعدد کارکنان اور مقامی عوام شریک تھے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے رحیم خان کو ریاستی کابینہ میں مناسب نمائندگی دی جائے۔
Comments
Post a Comment