وجے واڑہ میں "آؤ اردو سیکھیں" کا کامیاب اختتام، سی. عبدالعزیز کو وزیر اقلیت کے ہاتھوں میمنٹو۔
وجے واڑہ، 3 جون: آندھرا پردیش اردو اکیڈمی کے زیر اہتمام "آؤ اردو سیکھیں" موسم گرما کورس کا اختتامی پروگرام آج شاہ ظہر مسافر شادی خانہ، وجے واڑہ میں منعقد ہوا۔ پروگرام کی صدارت اردو اکیڈمی کے ڈائریکٹر محمد غوث پیر نے کی۔
تقریب کے خصوصی مہمان وزیر اقلیتی فلاح و بہبود الحاج این. ایم. ڈی. فاروق، ایم ایل سی محترم محمد شریف اور اردو اکیڈمی کے چیئرمین جناب فاروق شبلی تھے۔
وزیر اقلیت الحاج فاروق صاحب نے اپنے خطاب میں اردو کے فروغ اور بقا کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ایم ایل سی شریف صاحب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو نے ریاست میں اردو کی ترویج کے لیے علیحدہ بجٹ مختص کرنے کا تیقن دیا ہے۔
اردو اکیڈمی کے چیئرمین فاروق شبلی نے "آؤ اردو سیکھیں" پروگرام کو کامیاب بنانے میں اکیڈمی کی لٹریری کمیٹی اور عملے کی کاوشوں کو ناقابل فراموش قرار دیا۔
اس موقع پر اکیڈمی لٹریری کمیٹی کے رکن سی. عبدالعزیز نے مطالبہ کیا کہ "آؤ اردو سیکھیں" پروگرام کو صرف موسم گرما تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ حکومت سرکاری سطح پر سروے کرائے تاکہ ریاست میں اردو بولنے اور لکھنے پڑھنے والوں کی صحیح تعداد کا اندازہ ہو سکے۔ شہ نشین پر موجود معززین نے اس تجویز کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر "آؤ اردو سیکھیں" کتاب کے 7 مرتبین میں شامل سی. عبدالعزیز کو وزیر اقلیت این. ایم. ڈی. فاروق، ایم ایل سی محمد شریف اور چیئرمین فاروق شبلی کے ہاتھوں میمنٹو پیش کر کے اعزاز سے نوازا گیا۔
Comments
Post a Comment