درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں جلسہ ذکرِ امام حسینؓ و تعلیماتِ اہلِ بیتؓ،محمد ادریس احمد قادری کا خطاب۔


بیدر، 27 جون (نامہ نگار): درگاہ آستانہ قادریہ بگدل شریف میں ذکرِ امام حسینؓ و تعلیماتِ اہلِ بیتؓ پر خصوصی جلسہ اور ماہانہ حلقۂ درسِ تصوف منعقد ہوا۔ پیرِ طریقت حضرت شاہ خلیفہ ڈاکٹر الحاج محمد ادریس احمد قادری بگدلی صاحب، سجادہ نشین درگاہ آستانہ قادریہ بگدل نے اپنے خطاب میں فرمایا کہ حضرت امام حسینؓ کی قربانی دینِ اسلام کی بقا، حق کی سربلندی اور باطل کے خلاف استقامت کا لازوال پیغام ہے۔ اہلِ بیتِ اطہارؓ کی محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ مزید فرمایا کہ حضرت غوثِ اعظمؓ کو "محی الدین" اس لیے کہا جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپؓ کے ذریعے دین کی تجدید، احیائے سنت اور اصلاحِ امت کا عظیم کام لیا۔ بعد ازاں درسِ تصوف دیتے ہوئے قرآن و سنت، محبتِ اہلِ بیتؓ اور اولیائے کرامؒ کی تعلیمات پر عمل، باطنی اصلاح اور ذکرِ الٰہی کی تلقین فرمائی، پھر امتِ مسلمہ کے اتحاد، امن و سلامتی، ملک و ملت کی ترقی اور حاضرین کی فلاح کے لیے نہایت رقت آمیز دعا فرمائی۔
مولانا محمد ندیم قادری، مولانا محمد شاہد رضا۔سید صادق علی اساتذہ دارلعلوم قادریہ بگدل نے کہا کہ محرم الحرام حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے قرآنِ کریم کی آیت "وَلَا تَقُولُوا لِمَنْ يُقْتَلُ فِي سَبِيلِ اللّٰهِ أَمْوَاتٌ" کی روشنی میں کہا کہ امام حسینؓ نے دینِ اسلام، حق کے تحفظ اور نماز کی بقا کے لیے عظیم قربانی پیش کی۔ میدانِ کربلا میں نماز کی پابندی کے ذریعے آپؓ نے امت کو ہر حال میں نماز قائم رکھنے، صبر، استقامت اور اتحاد کا درس دیا۔انہوں شہادت امام حسین پر روشنی ڈالتے ہوئے نمازوں کی پابندی پر زور دیا
جلسہ کی کارروائی کا آغاز حافظ محمد شہنواز نلدرگ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ قبل ازیں سلسلۂ عالیہ قادریہ کے شجرۂ مبارک کا اجتماعی ورد کیا گیا۔ محمد سلیم قادری ظہرآباد، محمد یاسر عرفات طالب علم دارالعلوم قادریہ اور انیل کمار چوہان نے حمد، نعت اور منقبت پیش کی۔ جلسہ میں مریدین، معتقدین اور محبانِ اہلِ بیتؓ کی کثیر تعداد شریک رہی۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔