بیدر پولیس کی بڑی کارروائی، دو روڈی شیٹروں کو ضلع بدر کر دیا گیا۔
بیدر، 16 جون (نامہ نگار) : ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی سکون میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بیدر پولیس نے سخت کارروائی کرتے ہوئے مارکیٹ پولیس اسٹیشن کے دو بدنام روڈی شیٹروں کو ضلع بدر (تڑی پار) کر دیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ پردیپ گنٹی، آئی پی ایس کے احکامات پر مذکورہ افراد کو بیدر ضلع کی حدود سے نکال کر رائچور اور کوپل اضلاع میں منتقل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر پر قابو پانے اور عوام میں احساسِ تحفظ کو مضبوط بنانے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔
بیدر پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی، سماجی امن میں خلل اور جرائم کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف آئندہ بھی بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ضلع کو جرائم اور منشیات سے پاک بنانے کے لیے پولیس اپنی مہم کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھا رہی ہے۔
عوامی حلقوں نے بیدر پولیس کی اس کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امن و امان کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔
Comments
Post a Comment