رئیس جونیئر کالج میں انگریزی سمری رائٹنگ کمپٹیشن کا کامیاب انعقاد۔
بھیونڈی: (عبدالعزیز انصاری) طلبہ میں مطالعے کے شوق، تنقیدی سوچ اور تحریری صلاحیتوں کے فروغ کے مقصد سے رئیس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی میں گزشتہ دنوں شعبۂ ایم ایل ٹی اور شعبۂ کامرس کے طلبہ کے لیے انگریزی سمری رائٹنگ کمپٹیشن کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس مقابلے میں دونوں شعبوں کے مجموعی طور پر 115 طلبہ نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ شرکت کرتے ہوئے اپنی علمی و ادبی صلاحیتوں کا عمدہ مظاہرہ کیا۔
مقابلے کے دوران طلبہ کو انگریزی زبان کا ایک منتخب پیراگراف فراہم کیا گیا اور انہیں ہدایت دی گئی کہ وہ اس کا خلاصہ (Summary) اپنے الفاظ میں تحریر کریں۔ طلبہ نے نہایت سنجیدگی، فہم و ادراک، زبان دانی اور اختصارِ بیان کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضمون کے اہم نکات کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔
اساتذۂ کرام نے تحریروں کا باریک بینی سے جائزہ لیتے ہوئے زبان کی صحت، موضوع کی تفہیم، اختصار اور اظہارِ خیال کی بنیاد پر تحریروں کو جانچا۔ نتائج کے مطابق شعبۂ ایم ایل ٹی میں انصاری راحمین شرجیل نے اول اور انصاری افراء نے دوم مقام حاصل کیا، جبکہ شعبۂ کامرس میں انصاری منہاج نے پہلی اور السدیس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ادارے کے سربراہ پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری اور اساتذۂ کرام کے ہاتھوں کامیاب طلبہ کو تحائف اور اسناد پیش کی گئیں۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں پرنسپل ضیاء الرحمٰن انصاری نے کہا کہ ایسے تعلیمی اور ادبی مقابلے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے، زبان پر عبور حاصل کرنے اور مطالعے کی عادت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مسلسل مطالعہ کرنے اور اپنی تحریری مہارتوں کو مزید بہتر بنانے کی تلقین کی۔
انہوں نے مقابلے کے کامیاب انعقاد پر انگریزی مضمون کی استانی مومن حمیرا اور دیگر معاون اساتذہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی رہنمائی اور محنت ہی طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کی بنیاد ہے۔
Comments
Post a Comment