اردوو میڈیم کے طالب علم ڈاکٹر محمد احتشام کا شاندار کارنامہ، ایم۔بی۔بی۔ایس۔ نمایاں کامیابی۔ - ڈاکٹر احتشام کی کامیابی اردو میڈیم کے طلبہ کے لیے مشعلِ راہ : سید حسین اختر۔
بیڑ (نامہ نگار): ملیہ جونیئر کالج بیڑ کے معروف لکچرار شعبہ کیمسٹری، شیخ سمیر احمد کے ہونہار فرزند ڈاکٹر محمد احتشام نے دکن کی ممتاز طبی درسگاہ "آیان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز" (حیدرآباد) سے اپنی طبی تعلیم (MBBS) کا سفر نہایت شاندار اور نمایاں کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے فائنل امتحانات میں درجہ اول (First Class) حاصل کر کے نہ صرف اپنے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کیا، بلکہ پورے بیڑ شہر کا نام روشن کیا ہے۔
ڈاکٹر محمد احتشام کی اس عدیم النظیر کامیابی کی خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنی ابتدائی و ثانوی تعلیم ملیہ بوائز ہائی اسکول و جونیئر کالج بیڑ سے بحیثیت اردو میڈیم کے طالب علم حاصل کی۔ اردو زبان کے ذریعے تعلیم پاتے ہوئے میڈیکل جیسے مشکل ترین شعبے میں یہ سنگِ میل عبور کرنا دورِ حاضر کے دیگر طلبہ کے لیے انتہائی حوصلہ افزا اور قابلِ تقلید ہے۔
اس تاریخی اور پُر مسرت موقع پر مہاراشٹر راجیہ اردو ساہتیہ اکیڈمی کے چیئرمین، ممتاز دانشور جناب سید حسین اختر نے ڈاکٹر محمد احتشام کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا۔ انہوں نے نوپذیر ڈاکٹر کی شال پوشی و گل پوشی کی اور ان کی تعلیمی جدوجہد، بے پناہ محنت اور شبانہ روز لگن کو دلی طور پر سراہا۔
ڈاکٹر احتشام کو گلدستہ پیش کرتے ہوئے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے سید حسین اختر نے اپنے خصوصی بیان میں کہاکہ "اردو میڈیم سے نکل کر طب (میڈیکل) کے میدان میں درجہ اول سے کامیابی حاصل کرنا اس بات کا بین ثبوت ہے کہ زبان کبھی بھی علم کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی، بلکہ پختہ عزم اور محنت کامیابی کی اصل ضامن ہے۔ ڈاکٹر احتشام نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ اردو زبان کے آنچل میں پلنے والے بچے بھی دنیا کے اعلیٰ ترین میدانوں کو مسخر کر سکتے ہیں۔ مجھے قوی امید ہے کہ وہ مستقبل میں طب کے شعبے میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں گے اور پیشہ ورانہ زندگی میں غریبوں، بے سہاروں کی دادرسی کرتے ہوئے معاشرے اور انسانیت کی خدمت کا فریضہ بخوبی انجام دیں گے۔ اس موقع پر بیڑ شہر کی مقتدر اور معروف شخصیات نے بھی ڈاکٹر احتشام کی رہائش گاہ پہنچ کر انہیں مبارکباد پیش کی اور دعاؤں سے نوازا۔ مبارکباد پیش کرنے والوں میں قاضی مجیب، سابق صدر بلدیہ شیخ شاکر، اور ان کے والد محترم شیخ سمیر شامل تھے۔ تمام ہی شخصیات نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر احتشام آنے والے دنوں میں ملت اور ملک کا نام مزید روشن کریں گے۔ بیڑ کی علمی و عوامی حلقوں میں اس کامیابی پر جشن کا ماحول ہے اور اسے اردو میڈیم کی ایک بڑی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔
Comments
Post a Comment