ایس آئی آر پر سیاسی جماعتوں کی خاموشی تشویشناک۔
بیدر، 11 جون (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): ریاست میں جلد ہی ایس آئی آر (Special Intensive Revision) کا عمل شروع ہونے والا ہے، لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ضلع بیدر سمیت مختلف علاقوں کے عوام کی بڑی تعداد اب تک اس بات سے واقف نہیں کہ ایس آئی آر کیا ہے، اس کا مقصد کیا ہے اور اس دوران شہریوں کو کن امور کا خیال رکھنا ہوگا۔
عوامی حلقوں میں یہ احساس بڑھتا جارہا ہے کہ سیاسی جماعتوں اور عوامی نمائندوں کی توجہ بنیادی عوامی مسائل کے بجائے تشہیری سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔ کہیں کسی بیکری، دکان یا عمارت کے افتتاح میں شرکت کی جارہی ہے تو کہیں حادثات کے متاثرین کے گھروں پر جاکر تصاویر اور بیانات جاری کیے جارہے ہیں، لیکن ووٹر فہرستوں سے متعلق نہایت اہم ایس آئی آر جیسے معاملہ پر عوامی بیداری پیدا کرنے کی کوئی سنجیدہ کوشش نظر نہیں آرہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر ایس آئی آر کے دوران ضروری دستاویزات، اندراج یا تصدیق کے مراحل کے بارے میں عوام کو بروقت معلومات فراہم نہ کی گئیں تو بہت سے اہل ووٹرس مشکلات کا شکار ہوسکتے ہیں۔ اس لیے تمام سیاسی جماعتوں، منتخب نمائندوں، سماجی تنظیموں اور مقامی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر عوام میں بیداری مہم چلائیں اور ہر محلہ، گاؤں اور بستی تک صحیح معلومات پہنچائیں۔
عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سیاسی قائدین محض تصویری سیاست تک محدود نہ رہیں بلکہ عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے آگے آئیں، ایس آئی آر کے تعلق سے بیداری پروگرام منعقد کریں اور شہریوں کی رہنمائی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں، تاکہ کوئی بھی مستحق ووٹر اپنے حق رائے دہی سے محروم نہ ہونے پائے
Comments
Post a Comment