سوشل میڈیا: دوہری زندگی کا جال - تحریر: شعیب احمد محمدی مالیگاؤں۔


سوشل میڈیا: دوہری زندگی کا جال -
تحریر: شعیب احمد محمدی مالیگاؤں۔

فرد قائم ربطِ ملت سے ہے تنہا کچھ نہیں
موج ہے دریا میں اور بیرونِ دریا کچھ نہیں

تمہید:
دورِ حاضر میں موبائل اب "ضرورت" نہیں رہا، "زندگی" بن گیا ہے۔ جسے دیکھو ہاتھ میں موبائل، آنکھیں اسکرین پر، اور دل دنیا سے غافل۔ مہمان گھر آئے تو میزبان موبائل میں۔ بیوی شوہر سے بات کرے تو شوہر چیٹ میں۔ باپ بیٹے کو نصیحت کرے تو بیٹا ریلس اسکرول کر رہا ہو۔
موبائل نعمت بھی ہے اور زحمت بھی۔ یہ چاقو کی طرح ہے: ڈاکٹر کے ہاتھ میں ہو تو جان بچاتا ہے، قاتل کے ہاتھ میں ہو تو جان لیتا ہے۔ استعمال تمہارا، انجام تمہارا۔

1. موبائل کا دوہرا چہرہ
اگر نیک کام میں استعمال ہو تو:
موبائل مدرسہ بن جاتا ہے۔ قرآن سنو، نعت پڑھو، علماء کے بیان سنو، دعائیں یاد کرو، تسبیح پڑھو۔ علم بڑھے گا، ایمان تازہ ہو گا، آخرت سنورے گی۔ ایک کلک پر ہزاروں علماء تمہارے استاد بن جائیں گے۔

اگر غلط کام میں استعمال ہو تو:
موبائل شیطان کا ڈبہ بن جاتا ہے۔ گیم، ریلس، فلم، ڈرامے، ناچ گانے، فحش ویڈیوز... یہ سب "وقت کی بربادی" ہے اور ، "عمر کی چوری" بھی ہے۔ آج تم اگر ریلس دیکھ رہے ہو، کل قبر میں اس کا حساب دو گے۔ آنکھ کا زنا، دل کا زنا، وقت کا ضیاع - سب کا حساب ہو گا۔

2. دوہری زندگی کا سب سے بڑا فتنہ: چھپ کر چیٹ
سوشل میڈیا نے لوگوں کو "منافق" بنا دیا ہے۔ سامنے کچھ، پیٹھ پیچھے کچھ۔
گھر کا حال:
شوہر روزی کمانے نکلا، بیوی گھر میں موبائل لے کر بیٹھ گئی۔ شوہر کو میسج: "میں مارکیٹ جارہی ہوں"۔ مگر حقیقت: چیٹ کال پر "جانو سنو" چل رہی ہے۔
بیٹا کالج گیا، باپ سمجھا "پڑھ رہا ہے"۔ حقیقت: کلاس کی جگہ گرل فرینڈ سے ویڈیو کال۔
بیٹی کمرے میں "مطالعہ" کر رہی ہے، ماں خوش ہے۔ حقیقت: بوائے فرینڈ کو فوٹو بھیج رہی ہے۔
شوہر بھی کچھ کم نہیں ہوتا گھر سے نکلتے ہی اور رات کی تنہائی میں اپنی غلط روش میں لگ جاتا ہے چیٹ، کال، اور فحش ویڈیوز میں!!
آن لائن ہوتے ہی سب "محتاط" بن جاتے ہیں۔ اسکرین شاٹ نہ لے لے، اسٹیٹس نہ دیکھ لے، آن لائن کا نشان چھپا دو، بلیو ٹک بند کر دو۔ یعنی گناہ بھی کرو اور پکڑے بھی نہ جاؤ۔

محبت کے نام پر دھوکہ:
یہ لوگ محبت میں مخلص نہیں ہوتے۔ ان کے "10 جانو" ہوتے ہیں۔ آج تم سے میٹھی بات، کل کسی اور سے۔ جیب خالی کراو، جذبات لوٹو، عزت نیلام کرو - بس یہی ان کا مشن ہے۔ اور سب سے بڑا ظلم: "حسین دھوکے" میں پھنس کر انسان اپنی عزت، اپنا گھر، اپنا سکون، اپنی آخرت سب داؤ پر لگا دیتا ہے۔
3. واپسی پر "شرافت کا ماسک"
یہ دوہری زندگی کا سب سے بھیانک منظر ہے۔

شوہر گھر کے قریب پہنچا، بیوی نے 1 سیکنڈ میں چیٹ ڈیلیٹ، فوٹو ہٹائی، کیمرہ بند، شرافت کا لبادہ اوڑھ لیا۔ دروازہ کھلتے ہی "آ جاؤ، چائے بناؤں؟"۔ بیوی گھر آئی، شوہر نے براؤزر ہسٹری ڈیلیٹ، چیٹ آرکائیو، موبائل لاک۔ اب وہ "دیندار، وفادار، اخلاق کا استاد" بن گیا۔
بیٹا کالج سے واپس، 2 سیکنڈ میں گیم بند، کتاب کھول دی۔ باپ آئے تو "ابو، سبق یاد کر رہا تھا"۔ بیٹی کمرے سے نکلی، 1 سیکنڈ میں میک اپ صاف، دوپٹہ درست، شرم و حیا والی بن گئی۔ ماں آئی تو "امی، نماز پڑھ رہی تھی"۔
یعنی اللہ سے ڈر نہیں، بیوی/شوہر/والدین سے ڈر ہے۔ اللہ سب دیکھ رہا ہے، مگر ہم اسکرین شاٹ سے ڈرتے ہیں۔ یہی تو منافقت ہے جس کی اللہ نے قرآن میں سخت مذمت کی:

آیت 1:
عربی: یَسْتَخْفُونَ مِنَ النَّاسِ وَلَا یَسْتَخْفُونَ مِنَ اللَّهِ وَهُوَ مَعَهُمْ إِذْ یُبَیِّتُونَ مَا لَا یَرْضَىٰ مِنَ الْقَوْلِ ۚ وَکَانَ اللَّهُ بِمَا یَعْمَلُونَ مُحِیطًا
سورہ النساء، آیت 108، پارہ 5
ترجمہ: "یہ لوگوں سے تو چھپتے ہیں اور اللہ سے نہیں چھپتے، حالانکہ وہ ان کے ساتھ ہوتا ہے جب یہ رات کو وہ باتیں مشورہ کرتے ہیں جنہیں اللہ پسند نہیں کرتا۔ اور اللہ ان کے تمام اعمال کا احاطہ کیے ہوئے ہے۔"
غور کرو! موبائل کی ہسٹری ڈیلیٹ کر دو، چیٹ آرکائیو کر دو، فولڈر لاک کر دو... مگر اللہ فرماتا ہے "وکان اللہ بما یعملون محیطا" - یعنی اللہ نے تمہارے ہر کلک، ہر میسج، ہر ویڈیو کو گھیر رکھا ہے۔ تمہاری "پرائیویٹ سیٹنگ" اللہ کے سامنے فیل ہے۔

4. علاج: دوہری زندگی سے واحد زندگی کی طرف
موبائل کو غلام بناؤ، مالک مت بناؤ: دن میں 3 بار موبائل چیک کرو، لیکن ہر 3 منٹ بعد نہیں۔ نوٹیفکیشن بند کرو۔
پبلک اور پرائیویٹ ایک جیسا رکھو: جو کام تم شوہر/بیوی/والدین کے سامنے نہیں کر سکتے، وہ اللہ کے سامنے بھی مت کرو۔ کیونکہ اللہ "ستار العیوب" ہے، مگر "محیط" بھی ہے۔
گھر میں "موبائل فری زون" بناؤ: کھانے کی میز، بیڈ روم، نماز کی جگہ - یہاں موبائل ممنوع۔ باتیں کرو، آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرو۔
توبہ کا دروازہ کھلا ہے: اگر پھنس گئے ہو تو فوراً نکل آؤ۔ چیٹ ڈیلیٹ کرو، نمبر بلاک کرو، گروپ لیفٹ کرو۔ اللہ معاف کرنے والا ہے۔

آیت 2:
عربی: إِنَّ اللَّهَ یُحِبُّ التَّوَّابِینَ وَیُحِبُّ الْمُتَطَهِّرِینَ
سورہ بقرہ، آیت 222
ترجمہ: "بے شک اللہ توبہ کرنے والوں سے محبت کرتا ہے اور پاک رہنے والوں سے محبت کرتا ہے۔"
آخری ہدایت: قیامت کا اسکرین شاٹ
اے مسلمان! تمہاری زندگی "دو" نہیں "ایک" ہے۔ دنیا بھی تمہاری، آخرت بھی تمہاری۔ موبائل سے علم لو، عزت لو، رزق لو۔ مگر عزت بیچ کر، ایمان بیچ کر، گھر توڑ کر مت لو۔
یاد رکھو: جو چیٹ تم رات کو چھپ کر کرتے ہو، وہ قیامت کے دن پوری دنیا کے سامنے چلے گی۔ اللہ کا فیصلہ سنو:

آیت 3:
عربی: یَوْمَ تُبْلَى السَّرَائِرُ ۝ فَمَا لَهُ مِن قُوَّةٍ وَلَا نَاصِرٍ
سورہ طارق، آیات 9-10
ترجمہ: "جس دن دلوں کے بھید جانچ لیے جائیں گے، تو انسان کے پاس نہ کوئی قوت ہو گی اور نہ کوئی مددگار۔"
سوچو! اس دن نہ چیٹ ڈیلیٹ ہو گی، نہ اکاؤنٹ بند، نہ بلیو ٹک چھپے گا۔ نہ شوہر بچائے گا، نہ بیوی، نہ وکیل، نہ پیسہ، نہ سفارش۔ صرف اعمال کا فولڈر کھلے گا۔
اللہ ہمیں ظاہر و باطن کی سچائی عطا کرے۔ ہمارے موبائل کو ہدایت کا ذریعہ بنائے، تباہی کا نہیں۔ ہمارے گھروں کو سکون کا گہوارہ بنائے، فتنے کا اڈا نہیں۔ آمین یا رب العالمین۔
وما توفیقی الا باللہ

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔