سلیم احمد کی کابینہ میں شمولیت سے نارتھ کرناٹک کو مضبوط آواز ملے گی: سید حیدر ولی اللہ قادری۔
بیدر، 23 جون (نامہ نگار): نارتھ کرناٹک کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد علمائے کرام، مشائخِ عظام، سجادگانِ درگاہ، معززینِ ملت اور سماجی قائدین پر مشتمل ایک نمائندہ وفد نے پیرِ طریقت حضرت سید شاہ حیدر ولی اللہ نبیرہ قادری، سجادہ نشین درگاہ حضرت سید حیدر ولی اللہ قادری نیلنگہ شریف،ودیگرمشائیخین کی قیادت میں موجودہ وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، سابق وزیراعلیٰ سدارامیا اور ریاستی کانگریس صدر بی کے ہری پرساد سے ملاقات کرتے ہوئے ایم ایل سی سلیم احمد کو ریاستی کابینہ میں شامل کرنے کا مطالبہ کیا۔
وفد نے ریاستی قیادت کو پیش کردہ یادداشت میں کہا کہ نارتھ کرناٹک میں اقلیتی برادری بالخصوص مسلمانوں کی سیاسی نمائندگی انتہائی محدود ہوچکی ہے، جس کے باعث اس خطے کے عوامی، تعلیمی، سماجی اور ترقیاتی مسائل کو مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچانے میں دشواری پیش آرہی ہے۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ ریاستی کابینہ میں نارتھ کرناٹک کے مسلمانوں کی نمائندگی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وفد کی نمائندگی کرتے ہوئے حضرت سید حیدر ولی اللہ قادری، سجادہ نشین درگاہ نیلنگہ شریف نے کہا کہ نارتھ کرناٹک کے مسلمانوں کو سیاسی، سماجی اور تعلیمی میدان میں مضبوط اور مؤثر قیادت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے شمالی اضلاع کے مسلمانوں نے ہمیشہ کانگریس پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ہر انتخاب میں پارٹی کی کامیابی کے لیے بھرپور کردار ادا کیا ہے، اس لیے حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ انہیں مناسب سیاسی نمائندگی فراہم کرے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ایل سی سلیم احمد ایک تجربہ کار، مخلص، دیانت دار اور عوامی مسائل سے بخوبی واقف رہنما ہیں۔ انہوں نے طویل عرصہ سے پارٹی، اقلیتی برادری اور عوام کی خدمت انجام دی ہے اور مختلف سطحوں پر عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں اٹھایا ہے۔ ایسے میں انہیں ریاستی کابینہ میں شامل کیا جانا نہ صرف اقلیتی برادری بلکہ پورے نارتھ کرناٹک کے عوام کے لیے حوصلہ افزا ثابت ہوگا۔
سید حیدر ولی اللہ قادری نے مزید کہا کہ نارتھ کرناٹک کی درگاہوں، خانقاہوں، علمائے کرام، مشائخِ عظام، دانشوروں اور عوام کی متفقہ رائے ہے کہ اس خطے کو ریاستی کابینہ میں مضبوط اور باوقار نمائندگی ملنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سلیم احمد کی کابینہ میں شمولیت سے عوامی مسائل مؤثر انداز میں حکومت تک پہنچ سکیں گے اور خطے کی ترقی کے لیے نئی راہیں ہموار ہوں گی۔
وفد نے ریاستی قیادت سے مطالبہ کیا کہ سماجی انصاف، علاقائی توازن اور اقلیتی نمائندگی کے اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سلیم احمد کو ریاستی کابینہ میں شامل کیا جائے۔ وفد نے امید ظاہر کی کہ کانگریس قیادت عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مثبت فیصلہ کرے گی اور نارتھ کرناٹک کے مسلمانوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرے گی۔
Comments
Post a Comment