دعوتِ اسلامی کے سماجی شعبہ (جی۔این۔آر۔ایف) کی "سیو نیچر" مہم کے تحت بیداری پروگرام کا انعقاد۔
جلگاؤں ( عقیل خان بیاولی) موسم میں تیزی سے آنے والی تبدیلیوں، بڑھتی ہوئی گرمی اور ماحولیاتی چیلنجز کے پیشِ نظر دعوتِ اسلامی کے سماجی شعبہ GNRF (غریب نواز ریلیف فاؤنڈیشن) کی جانب سے پورے ہندوستان میں "Save Nature" کے نام سے خصوصی آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے۔ اس مہم کا مقصد معاشرے میں ماحولیات کے تحفظ، شجرکاری اور سرسبز و شاداب ماحول کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور لوگوں کو فطرت کے تحفظ کے لیے آمادہ کرنا ہے۔ اسی مہم کے تحت بھساول شہر کے بی زیڈ اردو ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، ایم آئی تیلی انگلش اسکول اور الحرہ اردو ہائی اسکول میں بیداری پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کو ماحولیات کے تحفظ کا پیغام دیتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے، ان کی دیکھ بھال کرنے اور آنے والی نسلوں کے لیے صاف ستھرا اور سرسبز ماحول فراہم کرنے کی ترغیب دی گئی۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ درخت اور پودے صرف ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ بڑھتی ہوئی گرمی کو کم کرنے، صاف ہوا فراہم کرنے اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ لہٰذا ہر فرد کو کم از کم ایک پودا لگانے اور اس کی حفاظت کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔ پروگرام کو کامیاب بنانے میں دعوتِ اسلامی کے شعبۂ تعلیم کے مولانا عبدالباری انجینئر (ناسک)، مولانا احمد رضا (ناگپور)، دعوتِ اسلامی جلگاؤں کے ضلعی صدر زبیر عطاری، بھساول شہر صدر شعیب عطاری، صابر منیہار، اظہر قادری اور GNRF جلگاؤں کے ضلعی صدر رفیق روشن قادری نے خصوصی کاوشیں انجام دیں۔ اختتام پر طلبہ سے اپیل کی گئی کہ وہ ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کو اپنی سماجی و اخلاقی ذمہ داری سمجھتے ہوئے "سیو نیچر" مہم کا حصہ بنیں۔ GNRF کی جانب سے مستقبل میں بھی مختلف تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر ایسے آگاہی پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے۔
Comments
Post a Comment