جنریک دوائیں برانڈ اور قیمت کا فرق عوامی مفاد کے لیے ایک معلوماتی مضمون۔ از قلم: محمود علی لیکچرر۔
جنریک دوائیں برانڈ اور قیمت کا فرق عوامی مفاد کے لیے ایک معلوماتی مضمون۔
از قلم: محمود علی لیکچرر۔
جنریک دوا کیا ہے؟
جنریک دوا (Generic Medicine) وہ دوا ہوتی ہے جو اپنے اصل سائنسی یا کیمیائی نام سے جانی جاتی ہے۔ اس میں وہی فعال جز (Active Ingredient)، وہی طاقت (Strength) اور وہی علاجی اثر موجود ہوتا ہے جو کسی برانڈڈ دوا میں پایا جاتا ہے۔ فرق صرف نام، پیکنگ اور کمپنی کا ہوتا ہے۔
مثال کے طور پر Paracetamol ایک جنریک نام ہے۔ اگر یہی دوا کسی تجارتی نام سے فروخت ہو جیسے Calpol، تو وہ برانڈڈ دوا کہلائے گی۔ آسان لفظوں میں ہر وہ دوا جو اپنے اصل کیمیائی نام سے پہچانی جائے جنریک دوا کہلاتی ہے۔
جنریک دواؤں کی پہچان
جنریک دوا کو پہچاننے کے لیے دوا کے پتے یا ڈبے پر درج معلومات غور سے دیکھنی چاہیے۔ عموماً دوا کا اصل سائنسی نام واضح طور پر درج ہوتا ہے، جیسے:
- Metformin
- Metoprolol
- Paracetamol
ی صرف مثال کے لیے ہے
اگر مختلف کمپنیوں کی دواؤں پر ایک ہی جنریک نام اور ایک ہی مقدار لکھی ہو، تو بنیادی طور پر وہ ایک ہی دوا ہوتی ہیں۔
برانڈڈ اور جنریک دوا میں فرق
برانڈڈ دوا کسی مخصوص کمپنی کے تجارتی نام سے فروخت کی جاتی ہے جبکہ جنریک دوا اپنے اصل نام سے جانی جاتی ہے دونوں میں فعال جز ایک ہی ہو سکتا ہے، لیکن برانڈڈ دوا کی تشہیر، مارکیٹنگ اور پیکنگ پر زیادہ خرچ ہونے کی وجہ سے اس کی قیمت عموماً زیادہ ہوتی ہے۔
قیمت میں فرق کیوں ہوتا ہے؟
ایک ہی جنریک دوا مختلف کمپنیاں تیار کرتی ہیں۔ کمپنی کی شہرت تشہیری اخراجات پیکنگ تقسیم کا نظام اور کاروباری حکمتِ عملی قیمتوں میں فرق پیدا کرتے ہیں۔ بعض اوقات ایک ہی دوا مختلف کمپنیوں کے نام سے دو یا تین گنا قیمت کے فرق کے ساتھ فروخت ہوتی ہے۔
کیا سستی جنریک دوا مؤثر ہوتی ہے؟
اگر دوا منظور شدہ اور معیاری کمپنی کی تیار کردہ ہو تو سستی جنریک دوا بھی اتنی ہی مؤثر ہو سکتی ہے جتنی مہنگی برانڈڈ دوا۔ دوا کی تاثیر کا انحصار اس کے فعال جز اور معیار پر ہوتا ہے، صرف قیمت پر نہیں۔
دوا خریدتے وقت کن باتوں کا خیال رکھیں؟
- دوا کا جنریک یا کیمیائی نام ضرور دیکھیں
- مقدار (مثلاً 500 mg یا 50 mg) چیک کریں
- اگر ڈاکٹر نے SR، ER، XR یا XL فارم تجویز کیا ہو تو وہی فارم خریدیں
- رجسٹرڈ اور معتبر کمپنی کی دوا استعمال کریں
- دوا تبدیل کرنے سے پہلے ڈاکٹر یا فارماسسٹ سے مشورہ کریں
SR، ER، XR اور XL عموماً Extended Release اقسام ہوتی ہیں، یعنی دوا آہستہ آہستہ جسم میں تحلیل ہو کر اپنا اثر دکھاتی ہے۔
کیا جنریک دوائیں واقعی سستی ملتی ہیں؟
اکثر اوقات جنریک نام سے فروخت ہونے والی دوائیں نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ اسی لیے دوا خریدتے وقت کیمیائی نام پر توجہ دینا ضروری ہے۔ ایک دیانت دار دکاندار اور باشعور خریدار دونوں ہی مریض کے فائدے کا سبب بن سکتے ہیں۔
ایک اہم وضاحت
"جنریک کمپنی" اور "برانڈ کمپنی" کی واضح تقسیم ہمیشہ درست نہیں۔ بہت سی کمپنیاں بعض دوائیں برانڈ ناموں سے اور بعض دوائیں جنریک ناموں سے فروخت کرتی ہیں۔ اس لیے اصل توجہ دوا کے:
- جنریک نام
- معیار
- طاقت (Strength)
- درست فارم
پر ہونی چاہیے نہ کہ صرف کمپنی کے نام پر۔
محاسبہ
جنریک ادویات عام آدمی کے لیے علاج کو سستا اور آسان بنا سکتی ہیں۔ اگر عوام کو صحیح معلومات فراہم کی جائیں اور معیاری ادویات مناسب قیمت پر دستیاب ہوں تو صحت کے اخراجات میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ مریض دوا کے نام معیار اور طاقت کو سمجھیں اور صرف برانڈ کے نام پر زیادہ قیمت ادا کرنے سے گریز کریں۔
نوٹ: اس مضمون کا مقصد کسی کمپنی، دوا یا کاروبار کا منافع نہیں بلکہ عام عوام کو معلومات فراہم کرنا ہے۔
اشعار
دیانتوں کے چراغوں کو جلائے رکھنا
اندھیروں میں بھی اصولوں کو بچائے رکھنا
Comments
Post a Comment