الوداعی تقریب کسی سفر کا اختتام نہیں بلکہ کامیابیوں، تجربات اور نئے امکانات سے بھرپور ایک نئی شروعات : ڈاکٹر اسماءناز بلاری۔
دھارواڑ، 22 جون: (راست) انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ کے شعبۂ کامرس (M.Com)کے زیرِ اہتمام سالِ 2026 کے فارغ التحصیل طلبہ کے اعزاز میں ایک پُروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں مستقبل کی عملی زندگی کے لیے نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کرنا تھا۔ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر (محترمہ) اسماءناز ایس۔ بلاری نے فارغ التحصیل طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی زندگی کا یہ مرحلہ اختتام نہیں بلکہ امکانات اور کامیابیوں سے بھرپور ایک نئی منزل کی ابتدا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اعتماد، دیانت داری، محنت اور مسلسل سیکھنے کے جذبے کو اپنی زندگی کا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کی مسابقتی دنیا میں وہی افراد نمایاں مقام حاصل کرتے ہیں جو مثبت سوچ، خود اعتمادی اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے ساتھ اپنے مقاصد کے حصول کے لیے مستقل جدوجہد کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ انجمن کے طلبہ اپنی صلاحیتوں کے بل پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دے کر ادارے کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الوداعی تقریب کسی سفر کا اختتام نہیں بلکہ کامیابیوں، تجربات اور نئے امکانات سے بھرپور ایک نئی شروعات ہے۔صدارتی خطاب میں کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم محض ڈگری حاصل کرنے کا نام نہیں بلکہ انسان کی شخصیت سازی، کردار سازی اور سماجی ذمہ داریوں کے شعور کو بیدار کرنے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ اپنی عملی زندگی میں نظم و ضبط، وقت کی پابندی، اعلیٰ اخلاق اور خدمتِ خلق کے جذبے کو فروغ دیں۔ انہوں نے اساتذۂ کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب کا آغاز مسکان قاضی کی پرسوز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پویترانے شلوک پیش کئے۔ سعدیہ مورب نے استقبالیہ خطاب پیش کرتے ہوئے مہمانانِ گرامی، اساتذۂ کرام، آفس عملہ اور طلبہ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور تقریب کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ کا تعارف مسکان قاضی نے پیش کیا،جبکہ مہمانِ خصوصی ڈاکٹر (محترمہ) اسماءناز ایس۔ بلاری، صدر شعبۂ انگریزی، کا تعارف سائرہ بانو نے کرایا۔ اس موقع پر مہمانِ خصوصی اور صدرِ جلسہ کو یادگاری تحائف اور گلوں کا نذرانہ پیش کرکے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا۔تقریب کے دوران سینئر طلبہ نے اپنے یادگار تعلیمی تجربات اور تاثرات کا اظہار کیا، جس سے محفل جذباتی اور یادگار بن گئی۔ اس موقع پر طلبہ میں یادگاری تحائف تقسیم کیے گئے۔ تعلیمی، ثقافتی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔پروگرام کی نظامت محمد کیف جے اور محمد علی نے خوش اسلوبی سے انجام دی، جبکہ امّ ایمن آئی پیرزادہ نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔اس موقع پر پروفیسر شبینہ بانو بیڑی، پروفیسر شہباز سنگل ملا، پروفیسر مسکان سونور، پروفیسر رابعہ دڑواڑ، پروفیسر ریشما سونور دیگر اساتذۂ کرام، غیر تدریسی عملے اور طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کا اختتام فارغ التحصیل طلبہ کے روشن، کامیاب اور باوقار مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ ہوا۔(رپورٹ: ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی ،صدرشعبہ اردو ،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ)
Comments
Post a Comment