ضلع جلگاؤں میں شدید گرمی کے باعث ثانوی اسکول صبح کے اوقات میں چلانے کا مطالبہ۔

 
"ہیڈ ماسٹرس ایسوسی ایشن کا ضلع کلکٹر جلگاؤں کو مکتوب،" 
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) : جلگاؤں ضلع ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول ہیڈ ماسٹرس ایسوسی ایشن نے ضلع کلکٹر جلگاؤں کو ایک  مطالباتی مکتوب پیش کرتے ہوئے شدید گرمی کے پیشِ نظر ضلع بھر کے ثانوی اسکولوں کے اوقات صبح کے سیشن میں منعقد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق ہر سال مارچ کے مہینے سے بڑھتی ہوئی گرمی کے سبب ثانوی اسکول صبح کے اوقات میں چلائے جاتے ہیں، جس کی اجازت ثانوی اسکول ضابطہ نمبر 54(2) کے تحت دی گئی ہے۔ عام طور پر یکم مارچ سے اسکول صبح کے سیشن میں منتقل کیے جاتے ہیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ اس سال ابھی تک بارش کا آغاز نہیں ہوا، جس کے باعث درجہ حرارت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ مزید یہ کہ بارش کے آثار بھی فی الحال دکھائی نہیں دے رہے، جبکہ گرمی اور حبس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
ضلع کے کئی اسکولوں میں پینے کے پانی اور پنکھوں جیسی بنیادی سہولیات بھی ناکافی ہیں۔ دیہی علاقوں میں بار بار بجلی کی لوڈشیڈنگ کے باعث پنکھے موجود ہونے کے باوجود مؤثر استعمال نہیں ہو پا رہا، جس سے طلبہ کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اپنے مکتوب میں اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات طلبہ کی صحت، حاضری، تدریسی عمل اور تعلیمی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب کر رہے ہیں۔ والدین کی جانب سے بھی اسکول صبح کے سیشن میں چلانے کی مسلسل مانگ سامنے آ رہی ہے۔ طلبہ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ جلگاؤں ضلع کے تمام ثانوی اسکولوں کے اوقات 30 جون تک یا بارش کے آغاز تک صبح 7 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مقرر کیے جائیں اور اس سلسلے میں فوری احکامات جاری کیے جائیں۔ ہیڈ ماسٹرس ایسوسی ایشن نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلعی انتظامیہ طلبہ کے صحت و تحفظ کو ترجیح دیتے ہوئے جلد مثبت فیصلہ کرے گی۔ اس موقع پر اسوسی ایشن کے ذمہ داران موجود تھے ۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔