موسمِ برسات کے پیشِ نظر نکاسیٔ آب اور برقی تحفظ پر فوری توجہ ناگزیر۔ بلدیہ، جسکام اور متعلقہ محکموں سے عوامی سہولت و سلامتی کو یقینی بنانے کا مطالبہ۔
بیدر، 10 جون (نامہ نگارمحمد عبدالصمد) : موسمِ برسات کے پیشِ نظر بیدر شہر سمیت ضلع بھر کے تعلقہ جات، قصبات اور دیہی علاقوں میں عوامی سہولت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مجلسِ بلدیہ، محکمہ برقی جسکام اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے مؤثر اور بروقت اقدامات کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران گندی نالیوں اور برساتی نالوں میں جمع کچرا پانی کی نکاسی میں رکاوٹ بنتا ہے، جس کے نتیجے میں سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے۔ اس صورتحال سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور مختلف وبائی امراض کے پھیلنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ تمام نالیوں، ڈرینج لائنوں اور برساتی گٹروں کی صفائی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا جائے۔
اسی طرح محکمہ برقی جسکام سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ شہر اور ضلع بھر میں بجلی کے کھمبوں، تاروں، ٹرانسفارمروں اور دیگر برقی تنصیبات کا تفصیلی معائنہ کیا جائے۔ خستہ حال تاروں کی تبدیلی، ڈھیلے برقی رابطوں کی مرمت اور خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے، شارٹ سرکٹ اور دیگر برقی حادثات سے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔
شہریوں نے اس بات پر زور دیا کہ متعلقہ محکمے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرتے ہوئے صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب اور برقی نظام کی بہتری کے لیے جامع منصوبہ بندی کریں۔ خاص طور پر نشیبی علاقوں اور دیہی بستیوں پر خصوصی توجہ دی جائے جہاں بارش کے دوران مسائل شدت اختیار کر جاتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ موسمِ برسات کے پیشِ نظر ضروری احتیاطی اقدامات کو فوری طور پر عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ، صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
Comments
Post a Comment