انجمن ڈگری کالج میں 40 سالہ سالانہ جلسہ کا شاندار انعقاد تعلیمی، ثقافتی اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں طلبہ کی حوصلہ افزائی، کالج میگزین کا اجراء۔
انجمن ڈگری کالج میں 40 سالہ سالانہ جلسہ کا شاندار انعقاد تعلیمی، ثقافتی اور کھیلوں کے میدان میں نمایاں طلبہ کی حوصلہ افزائی، کالج میگزین کا اجراء۔
دھارواڑ، 2 جون : (ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی)۔ انجمنِ اسلام کے زیرِ انتظام انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پی جی اسٹڈیز، دھارواڑ میں آئی کیو اے سی (IQAC) کے تحت 40سالہ سالانہ جلسہ کا شاندار انعقاد کالج کے کانفرنس ہال میں کیا گیا۔ مہمانِ خصوصی جناب نذیر حسین بی۔ منیار، صدر صفا بیت المال اور سابق اعزازی سیکریٹری انجمنِ اسلام، دھارواڑ نے اپنے خطاب میں طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کردار سازی، نظم و ضبط اور سماجی ذمہ داریوں کو اپنانے کی تلقین کی۔ انہوں نے طلبہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے کالج کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں اعتماد، قیادت اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔
تقریب کی صدارت الحاج جناب بشیر احمد جہاگیردار، نائب صدر انجمنِ اسلام، دھارواڑ نے کی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے طلبہ کو مسلسل محنت، اعلیٰ اخلاق اور قومی خدمت کا جذبہ اپنانے کی نصیحت کی اور کالج کی تعلیمی و ثقافتی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا۔ اس موقع پر کالج ڈبیٹنگ یونین ،چیئرپرسن ڈاکٹر ایس۔ کے۔ جادھو اور کالج جمخانہ سرگرمیوں کی چیئرپرسن ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی نے ادارے کی سالانہ سرگرمیوں اور کامیابیوں پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ رپورٹ میں تعلیمی، ادبی، ثقافتی، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کی نمایاں کامیابیوں کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب کی ایک اہم اور یادگار کڑی کالج میگزین کی رسمِ اجرا تھی، جسے مہمانِ خصوصی اور دیگر معزز شخصیات نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔ اس موقع پر طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور ادبی ذوق کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔اس موقع پر سال بھر مختلف ثقافتی، ادبی اور کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ ثقافتی سرگرمیوں کے انعامات محترمہ شیرین شرگپی اور کھیلوں کی سرگرمیوں کے انعامات آئی۔ این۔ کوٹیکل نے تقسیم کیے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا جس کی سعادت بی کام دوم سمسٹر کی طالبہ صبیحہ قاضی نے حاصل کی۔
جبکہ موے وڈر نے شلوک پڑھے۔ فاطمہ اور ان کے گروپ نے ناڈگیت پیش کیا۔کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے گل پیش کیے اور حاضرین کو خوش آمدید کہا۔ آئی کیو اے سی کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر سیدہ تاج النساء نے مہمانانِ خصوصی کا تعارف اور تہنیت پیش کی۔آخر میں کالج جمخانہ سرگرمیوں کی سیکریٹری ماہین خانسا نے شکریہ ادا کیا۔۔ اس تقریب میں انجمن اسلام کےسیکریٹری ڈاکٹر ایس اے سرگروہ ، خزانچی جناب رفیق شرہٹی ایجوکیشن بورڈ کے اراکین جناب خلیل احمد داسنکوپ،جناب عبدالعزیز بڑے،جناب یاسین ہاویری پیٹ ،جناب ریاض احمد ننھے صاحب نور ،ڈاکٹر این یم مکاندار، اسٹاف ڈاکٹراسماء ناز بلاری ،ڈاکٹر گوری ،ڈاکٹر ردریش میٹی،ڈاکٹر ایس ایس ادونی دیگر اساتذہ کثیر تعداد میں طلباء وطالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کالج جنرل سیکریٹری خدیجۃ الکبریٰ اور کالج ڈبیٹنگ یونین کی سیکریٹری عافیہ ہالدمانی نے انجام دی۔ تقریب کا اختتام قومی ترانے کے ساتھ ہوا جسے آکانکشا اور ان کے گروپ نے پیش کیا۔تمام شرکاء کے لئے ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔پورا پروگرام نہایت منظم، پُروقار اور یادگار رہا جسے حاضرین نے بے حد سراہا۔
(رپورٹ :ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج دھارواڑ ،کرناٹک)
Comments
Post a Comment