ملتانی کالونی میں ایس آئی آر 2026 ہیلپ ڈیسک کا قیام، خواجہ شیخ اظہر اور انیل کمار گنجکر کا عوامی رہنمائی کا منفرد اقدام۔


بیدر، 22 جون (نامہ نگار): الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے شروع کی جانے والی خصوصی نظرثانی مہم SIR-2026 (Special Intensive Revision) کے پیش نظر ملتانی کالونی وارڈ نمبر 10 میں عوامی سہولت کے لیے خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ اس ہیلپ ڈیسک کے قیام میں معروف سماجی کارکن و یوتھ لیڈر خواجہ شیخ اظہر اور وارڈ نمبر 10 کے کارپوریٹر انیل کمار گنجکر نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے عوام کو درکار رہنمائی اور معلومات فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا ہے۔
خواجہ شیخ اظہر نے اس موقع پر کہا کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی ایک نہایت اہم قومی عمل ہے جس کے ذریعے ہر اہل شہری اپنے حق رائے دہی کو محفوظ بنا سکتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے تمام ضروری دستاویزات تیار رکھیں اور مقررہ وقت پر فارم حاصل کرکے درست معلومات فراہم کریں تاکہ مستقبل میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کارپوریٹر انیل کمار گنجکر نے کہا کہ 30 جون سے شروع ہونے والی اس خصوصی مہم کے دوران وارڈ کے تمام شہریوں کو مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ہیلپ ڈیسک پر متعلقہ بی ایل اوز (BLOs) کے نام، موبائل نمبرات اور ان کے علاقوں کی تفصیلات بھی دستیاب رکھی گئی ہیں تاکہ عوام براہ راست رابطہ کرکے اپنی شکایات اور مسائل کا حل حاصل کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ووٹر لسٹ میں نام کا اندراج، حذف شدہ ناموں کی بحالی، تفصیلات کی تصحیح اور دیگر ضروری امور کے سلسلے میں عوام کو مفت رہنمائی فراہم کی جائے گی۔ ہیلپ ڈیسک ملتانی کالونی کمیٹی ہال میں قائم کیا گیا ہے جہاں روزانہ شہریوں کی مدد کے لیے رضاکار موجود رہیں گے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے خواجہ شیخ اظہر اور انیل کمار گنجکر کے اس عوامی خدمت پر مبنی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ووٹر بیداری میں اضافہ ہوگا اور زیادہ سے زیادہ افراد انتخابی فہرست میں اپنے نام کی تصدیق و اندراج کو یقینی بنا سکیں گے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ووٹر تفصیلات کی جانچ اور ضروری کارروائی بروقت مکمل کریں۔

Comments

Popular posts from this blog

پانگل جونیئر کالج میں نیٹ, جی میں کامیاب طلباء کا استقبال۔

شمع اردو اسکول سولاپور میں کھیلوں کے ہفتہ کا افتتاح اور پی۔ایچ۔ڈی۔ ایوارڈ یافتہ خاتون محترمہ نکہت شیخ کی گلپوشہ

رتن نیدھی چیریٹیبل ٹرسٹ ممبئی کی جانب سے بیگم قمر النساء کاریگر گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کو سو کتابوں کا تحفہ۔