حضرت سید نور محمد پاشاہ توکلیؒ کے 19ویں سالانہ عرس شریف کی روح پرور تقریبات اختتام پذیر۔مختلف مٹھوں کے سوامی، علماء، مشائخ، دینی، ملی، سماجی و سیاسی قائدین کی شرکت، مفت میڈیکل کیمپ سے سینکڑوں افراد مستفید۔
بیدر، 16 جون (نامہ نگارمحمد عبدالصمد): درگاہ حضرت سید نور محمد پاشاہ توکلی مرزائی چشتی القادری قلندریؒ المعروف حضرت سید پاشاہ توکلیؒ، چٹگوپہ شریف پاشاہ نگر بیلکھیرا کراس، تعلقہ چٹگوپہ، ضلع بیدر کے 19ویں سالانہ عرس شریف کی تین روزہ روحانی تقریبات نہایت عقیدت، احترام اور مذہبی جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہوئیں۔ عرس شریف میں ضلع بیدر سمیت مختلف مقامات،اور ریاستوں سے ہزاروں عقیدت مندوں، مریدین اور زائرین نے شرکت کرکے حضرت ممدوحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
عرس شریف کی تقریبات کا آغاز 14 جون کو غسلِ مزار شریف کی بابرکت رسومات سے ہوا۔ اس موقع پر حضرت سید شاہ حسین قادری المعروف بہ حضرت سید عزیز احمد توکلی مرزائی چشتی القادری قلندری جگتابی سجادہ نشیں و متولی درگاہ حضرت ممدوح کی نگرانی میں مزارِ مبارک کو عطریات، وعرق گلاب سے غسل دیا گیا۔ عقیدت مندوں نے فاتحہ خوانی اور درود و سلام پیش کرتے ہوئے روحانی فیوض و برکات حاصل کیں۔
تفصیلات کے بموجب 15 جون کو حسبِ روایت قیام گاہ حضرت ممدوح میں سجادہ نشین کی سرپرستی میں محفلِ سماع کا انعقاد عمل میں آیا۔ ساز پر ممتاز قوالوں نے عرفانی، منقبتی کلام پیش کرکے کئی مریدین پر بے خودی کی کیفیت طاری کردی، بعد ازاں صندل مبارک حضرت ممدوحؒ کے حجرۂ مبارک (قیام گاہ) سے ایک روح پرور جلوس کی شکل میں سجادہ نشین کی قیادت میں برآمد ہوا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا درگاہ شریف پہنچا۔ مریدین و علمبرداران و لنگر برداران اپنے سروں پر صندل کی کشتیوں کو اٹھائے ہوئے تھے۔ جلوسِ صندل میں مریدین، معتقدین اور عوام الناس کی بڑی تعداد شریک رہی۔جناب سید ضمیر حسینی دیوان درگاہ شریف کی قیادت میں جلوس کا شاندار استقبال کیا گیا۔
احاطۂ درگاہ شریف میں واقع مسجد میں ادائیگیِ نمازِ مغرب کے بعد حضرت سید عزیز احمد توکلی مرزائی چشتی القادری قلندری نے علمائے کرام، مشائخ عظام اور مریدین و عقیدت مندوں کی موجودگی میں صندل مالی کی بابرکت رسومات انجام دیں۔ بعد طعام، بعد نمازِ عشاء محفلِ سماع منعقد ہوئی جس میں ممتاز قوال حضرات نے نعتیہ، منقبتی اور عرفانی کلام پیش کرکے حاضرین کو روحانی سرور سے ہمکنار کیا۔
16 جون کو بعد نمازِ فجر سے نصف النہار تک ہر خاص و عام کے لیے وسیع پیمانے پر طعام کا اہتمام کیا گیا، جس میں ہزاروں زائرین اور عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ بعد نمازِ ظہر جلسۂ جشنِ چراغاں و محفلِ سماع منعقد ہوئی، جس میں مختلف مٹھوں کے سوامی جی، علمائے کرام، مشائخ عظام، دینی، ملی، سماجی اور سیاسی تنظیموں کے قائدین و ذمہ داران، دیگر ابنائے وطن نے شرکت کرتے ہوئے حضرت سید نور محمد پاشاہ توکلیؒ کی دینی، روحانی اور اصلاحی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور فیضِ روحانی حاصل کیا۔ مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ اولیائے کرام کی تعلیمات محبت، اخوت، رواداری اور خدمتِ خلق کا پیغام دیتی ہیں اور موجودہ دور میں ان تعلیمات کو عام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
عرس شریف کے موقع پر سماجی خدمت کے جذبے کے تحت معروف معالج ڈاکٹر سید قائد عمران کی نگرانی میں مفت میڈیکل کیمپ بھی قائم کیا گیا، جس سے سینکڑوں زائرین، عقیدت مندوں اور مقامی عوام نے استفادہ کیا۔ کیمپ میں مریضوں کا مفت طبی معائنہ کیا گیا اور ضروری ادویات بھی بلا معاوضہ فراہم کی گئیں۔ عوامی حلقوں نے اس فلاحی اقدام کو بے حد سراہا اور اسے عرس شریف کی ایک اہم عوامی خدمت قرار دیا۔
محفلِ سماع میں قوال حضرات نے عشقِ رسول ﷺ اور اولیائے کرام کی شان میں نعتیہ، منقبتی اور عرفانی کلام پیش کیے، جبکہ بعد نمازِ عصر فاتحہ خوانی، چادر پوشی، گل پوشی اور تبرکات کی تقسیم عمل میں آئی۔ ان روح پرور رسومات کے ساتھ عرس شریف کی تقریبات اختتام پذیر ہوئیں۔
عرس شریف کے انتظام و انصرام میں، جناب کلیم علی پٹیل، سید راشد علی پٹیل، سید اسد علی پٹیل، سید صادق علی پٹیل، سید منیر علی پٹیل، ڈاڈو پٹیل، سید عباس علی پٹیل، سید عامر علی پٹیل، و جمیع برادران اور جملہ منتظمین نے نمایاں خدمات انجام دیں۔ عرس شریف کے کامیاب انعقاد پر زائرین اور عوامی حلقوں نے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس روحانی اجتماع کو اتحاد، بھائی چارے اور مذہبی ہم آہنگی کا بہترین نمونہ قرار دیا۔
Comments
Post a Comment