طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے کیریئر گائیڈنس ورکشاپ کا انعقاد۔
دھارواڑ، 26 مئی: انجمنِ اسلام دھارواڑ کے زیرِ انتظام انجمن آرٹس، سائنس، کامرس کالج اینڈ پوسٹ گریجویٹ اسٹڈیز سنٹر میں آئی کیو اے سی (IQAC) کے تحت "کیریئر گائیڈنس اور روزگار کے مواقع" کے موضوع پر ایک خصوصی ورکشاپ کا کامیاب انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کا اہتمام کالج کے کیریئر گائیڈنس اینڈ پلیسمنٹ سیل نے دیشپانڈے اسکلنگ، ہبلی کے اشتراک سے کالج کے سیمینار ہال میں کیا۔
ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی جناب محمد غوث کے۔ اے۔ نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ مسابقتی دور میں صرف تعلیمی قابلیت کافی نہیں بلکہ ہنر مندی، مؤثر ابلاغی صلاحیت اور پیشہ ورانہ تیاری بھی بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے طلبہ کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بہتر مستقبل کی منصوبہ بندی کرنے کی تلقین کی۔
اس موقع پر مہمانانِ اعزاز محترمہ دیپا ایس۔ (ضلع رابطہ کار)، مہک ٹرینرس اور جناب پروین کمار پاٹل (ضلعی منیجر، دیشپانڈے اسکلنگ) نے طلبہ کو مختلف تربیتی پروگراموں، ہنر مندی کے کورسز اور روزگار کے مواقع سے متعلق مفید معلومات فراہم کیں۔
پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کالج کے پرنسپل ڈاکٹر این۔ بی۔ نالتواڑ نے کہا کہ اس نوعیت کی ورکشاپس طلبہ کی ہمہ جہت شخصیت سازی اور پیشہ ورانہ رہنمائی میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے تعلیمی سفر کے ساتھ ساتھ عملی مہارتوں کے حصول پر بھی توجہ دیں۔
کیریئر گائیڈنس اینڈ پلیسمنٹ سیل کی صدر ڈاکٹر سید تاج النساء نے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔
ورکشاپ کا افتتاح روایتی انداز میں پودے کو پانی دے کر کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر اسما ناز بلاری، ڈاکٹر میٹی رودریش، ڈاکٹر سوبھاگیا جادھو، ڈاکٹر گوری گوریکیری مٹھ اور نور جہاں گل گلی سمیت دیگر معزز شخصیات اسٹیج پر موجود تھیں۔
پروگرام کا آغاز بی۔ اے۔ چوتھے سمسٹر کے طالب علم احمد رضا کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ بی۔ اے۔ چھٹے سمسٹر کی طالبہ مبنی دفیڈار نے شلوک پاٹھ پیش کیا۔
جمخانہ کی سکریٹری مہین خانسا نے اظہارِ تشکر پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورکشاپ طلبہ کے لیے نہایت مفید، معلوماتی اور حوصلہ افزا ثابت ہوئی ہے۔
پروگرام کی نظامت ثقافتی سرگرمیوں کی سکریٹری الفیہ ہلّدمانی نے انجام دی۔
ورکشاپ میں طلبہ و طالبات اور اساتذۂ کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔(ڈاکٹر بی بی عائشہ چکولی،انجمن ڈگری کالج،دھارواڑ،کرناٹک)
Comments
Post a Comment