امید کا چراغ کبھی بجھنے نہ دیں - ازقلم : عالمہ مبین پالیگار، بیلگام کرناٹک۔
امید کا چراغ کبھی بجھنے نہ دیں -
ازقلم : عالمہ مبین پالیگار، بیلگام کرناٹک۔
M A M Ed
8904317986
امید کا چراغ کبھی بجھنے نہ دیں
اندھیرا کتنا ہی گہرا اور مضبوط کیوں نہ ہو، روشنی کی ایک نازک سی کرن سے ہار جاتا ہے۔
زندگی میں مشکلات، آزمائشیں اور پریشانیاں آنا ایک فطری امر ہے۔ دنیا کی زندگی راحت اور سکون کا نام نہیں بلکہ امتحان اور آزمائش کا میدان ہے۔ ہر انسان اپنی زندگی میں کسی نہ کسی مرحلے پر دکھ، تکلیف، ناکامی، بیماری، مالی تنگی یا دیگر مشکلات کا سامنا کرتا ہے۔ لیکن کامیاب وہی لوگ ہوتے ہیں جو حالات کے سامنے ہمت نہیں ہارتے بلکہ صبر، حوصلے اور امید کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتے ہیں۔
اکثر دیکھا جاتا ہے کہ جب انسان پر کوئی چھوٹی سی مصیبت آتی ہے تو وہ گھبرا جاتا ہے، مایوسی کا شکار ہو جاتا ہے اور یہ سمجھنے لگتا ہے کہ اب اس کی مشکلات کبھی ختم نہیں ہوں گی۔ حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ ہر رات کے بعد صبح آتی ہے، ہر خزاں کے بعد بہار آتی ہے اور ہر مشکل کے بعد آسانی آتی ہے۔
اللہ تعالیٰ قرآنِ کریم میں ارشاد فرماتے ہیں:
"فَإِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا، إِنَّ مَعَ الْعُسْرِ يُسْرًا" (سورۃ الشرح: 5-6)
ترجمہ: بے شک ہر تنگی کے ساتھ آسانی ہے، یقیناً ہر تنگی کے ساتھ آسانی ہے۔
یہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ مشکلات ہمیشہ باقی نہیں رہتیں۔ اس لیے انسان کو چاہیے کہ پریشانیوں سے بھاگنے کے بجائے ان کا ڈٹ کر سامنا کرے، ان کے حل کی کوشش کرے اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھے۔ مایوسی کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ انسان کی قوتِ ارادی کو کمزور کر دیتی ہے۔
اللہ تعالیٰ اپنی رحمت کے بارے میں فرماتے ہیں:
"لَا تَقْنَطُوا مِنْ رَّحْمَةِ اللَّهِ" (سورۃ الزمر: 53)
ترجمہ: اللہ کی رحمت سے ناامید نہ ہو۔
یہ آیت ہر مایوس دل کے لیے امید کا پیغام ہے۔ چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں، اللہ کی رحمت اور مدد سے سب کچھ بدل سکتا ہے۔ آج کی پریشانی کل کی کامیابی کا راستہ بن سکتی ہے اور آج کے آنسو کل کی خوشیوں میں تبدیل ہو سکتے ہیں۔
لہٰذا ہمیں چاہیے کہ اپنے دل میں امید کا چراغ ہمیشہ روشن رکھیں، اللہ تعالیٰ پر کامل بھروسہ کریں، صبر و استقامت اختیار کریں اور زندگی کے ہر چیلنج کا حوصلے کے ساتھ مقابلہ کریں۔ یاد رکھیے! اندھیرا ہمیشہ نہیں رہتا، روشنی کو آنا ہی ہوتا ہے۔ ہر غم کو مٹنا ہے، ہر مشکل کو ختم ہونا ہے اور ہر رات کے بعد ایک نئی اور روشن صبح نے طلوع ہونا ہے۔
اپنی امید کے جگنو کو کبھی بجھنے نہ دیں، کیونکہ یہی امید انسان کو مشکلات کے سمندر سے نکال کر کامیابی کے ساحل تک پہنچاتی ہے۔
Comments
Post a Comment