اولین اعزاز عرشِ بریں پر خالقِ کائنات نے عطا فرمایا" خادمینِ مہرون کے اعزازی جلسہ میں مفتی ہارون ندوی کا فکر انگیز خطاب۔
جلگاؤں (عقیل خان بیاولی) شہر جلگاؤں کے تعلیم یافتہ اور اکثریتی مسلم آبادی والے علاقے مہرون میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد خادمینِ مہرون اور سلیم انعام دار فرینڈز سرکل کے مشترکہ زیرِ اہتمام کیا گیا۔ اس خصوصی اعزازی نشست میں کامیاب طلبہ اپنے والدین اور سرپرستوں کے ہمراہ شریک ہوئے۔
تقریب کی صدارت ممتاز دینی و علمی شخصیت مفتی محمد ہارون ندوی نے فرمائی۔ اپنے صدارتی خطاب میں انہوں نے اس نوعیت کی حوصلہ افزا تقریبات کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلام میں علم، اہلِ علم اور صلاحیتوں کی قدر افزائی کی روشن روایت موجود ہے۔ انہوں نے نہایت مؤثر، روح پرور اور فلسفیانہ انداز میں حضرت آدم علیہ السلام کو ملنے والے اولین اعزاز کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ خالقِ کائنات نے عرشِ بریں پر فرشتوں سے سجدۂ تعظیمی کروا کر علم اور انسانیت کی عظمت کو نمایاں فرمایا۔ انہوں نے طلبہ کو حصولِ علم کے ساتھ اعلیٰ اخلاق اور کردار اپنانے کی تلقین بھی کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی اور تعلیمی ترقی کے محرک عبدالکریم سالار (ڈپٹی میئر، جلگاؤں میونسپل کارپوریشن) نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو اپنے کیریئر کے انتخاب میں والدین، اساتذہ اور مخلص دوستوں کی رہنمائی سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا نقل کا نہیں۔ انہوں نے عملی مثالوں کے ذریعے نوجوانوں کو مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔
جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت (AI) کے میدان میں خواتین کی نمائندگی کرنے والی کونسلر بشریٰ سعید نے دورِ حاضر میں خواتین کو درپیش چیلنجز، روزگار کے بدلتے رجحانات، سماجی ذمہ داریوں اور عملی زندگی میں خواتین کے بڑھتے ہوئے کردار پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر شاہد خان (گائناکولوجسٹ) اور عبدالرزاق (صدر، موٹر گاڑی مالکان تنظیم) نے بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب کے آغاز میں سلیم انعام دار نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کیے، جبکہ مس مرزا نے اردو اور انگریزی زبان میں نہایت شائستہ اور مؤثر انداز میں نظامت کے فرائض انجام دیے۔
پروگرام کی کامیابی کے لیے سرفراز سلیم، عاکف پٹیل اور تنظیم کے دیگر اراکین نے محنت کی۔ تقریب میں ورلڈ میمن فاؤنڈیشن کے اردیس سیٹھ میمن، معروف صنعت کار شکیل میمن، صحافی سعید پٹیل، مقامی کانگریس صدر جمیل شیخ، آصف بھائی، مولانا عقیل ندوی راقم الحروف سمیت متعدد معزز شخصیات بطور مہمانِ خصوصی شریک رہیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کی گلپوشی اور اعزاز افزائی کی گئی، جبکہ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایسے تعلیمی و حوصلہ افزا پروگرام نوجوان نسل کو علم، کردار اور کامیابی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
Comments
Post a Comment