صحیح رہنمائی ہی روشن مستقبل کی کنجی ہے : عبدالحسیب لنجے۔
اکلکوٹ : (نمائندہ) آج جب ہم اکیسویں صدی کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں، نوجوانوں میں جدید ٹیکنالوجی کی طرف رجحان میں بے پناہ اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ دسویں اور بارہویں جماعت کے بعد "آگے کیا؟" یہ سوال اکثر طلبہ اور ان کے والدین کو الجھن میں ڈال دیتا ہے۔ ایسے میں کیرئیر گائیڈنس ایک مؤثر اور ضروری راستہ بن کر سامنے آتا ہے۔ انہی خیالات کا اظہار کیرئیر گائیڈنس اور ۳۶۰ کیرئیر وژن کے بانی جناب عبدل حسیب لنجے نے ایک پروگرام میں کیا۔
پروگرام کی صدارت الحاج حسن باشا شکلاگار نے فرمائی۔ آغاز میں داتا بلوری نے قرآن مجید کی خوبصورت تلاوت کی۔ رہبر فاؤنڈیشن اکل کوٹ کے زیر اہتمام اس پروگرام میں عبدل حسیب لنجے نے کہا:
"تعلیم کے راستے بے شمار ہیں، مگر صحیح راہ کا انتخاب ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ آج کے دور میں تعلیم وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔ موجودہ دور میں طلبہ کے لیے تعلیم کے کئی راستے کھلے ہیں، مگر بدقسمتی سے اکثر طلبہ ان مواقع سے ناواقف ہیں، جس کے باعث باصلاحیت طلبہ بھی غلط فیصلے کر بیٹھتے ہیں۔
عبدالحسیب لنجے نے پروجیکٹر کے ذریعہ مختصر مدتی کورسز، پیشہ ورانہ سندی کورسز، اعلیٰ تعلیم، پیرا میڈیکل فیلڈ میں موجود مواقع اور دیگر تعلیمی راستوں کے بارے میں مفصل اور بصیرت افروز معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے پروگرام کے آغاز میں طلبہ سے سوالات کیے اور درست جوابات دینے والے طلبہ کو انعامات دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر ممتاز مہمانوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
مشہور پلمونولوجسٹ ڈاکٹر فیروز سید نے کہا:
"پڑھائی میں کوتاہی آپ کو زندگی بھر کے لیے پیچھے رکھ سکتی ہے۔ کیرئیر کو سنجیدگی سے لیں۔"
اردو گھر سولاپور کے معروف سماجی کارکن محمود نواز نے اپنی تقریر میں طلبہ کو نصیحت کرتے ہوئے کہا:
"وقت کو بامقصد بنائیں، ہر لمحہ آپ کے مستقبل کو سنوار سکتا ہے۔"
اسٹیج پر موجود دیگر معزز مہمانوں میں پونے کے کمپیوٹر انجینئر زہیر شیخ، ریٹائرڈ پرنسپل ایم۔ اے۔ شیخ، الحاج عارف پاشا پیرزادہ، الحاج باشا بھائی کوربو، الحاج عزیز شیخ، باغوان جمعیت کے الحاج نور باغوان، شابدی اردو ہائی اسکول کے پرنسپل اسد علی کرجگی کر، ن۔پ۔ اردو پرائمری اسکول کے آصف سر، رکن اسد فلاری، اصلاح بریگیڈ کے بانی آصف مجاور، اینگلو اردو ہائی اسکول اکل کوٹ کے مولاعلی باغوان، محمود پیرزادہ، صحافیوں کی نمائندہ کمیٹی کے اقبال باغمارو، پرنسپل سورندر کنچّر، ایس ایس موبائلز کے نور باغمارو اور مدثر پیرزادہ شامل تھے۔
پروگرام کا تعارفی کلمات رہبر فاؤنڈیشن کی صدر محترمہ حنا باغمارو (شیخ) نے خوش اسلوبی سے پیش کیے۔
اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں محترمہ حنا باغمارو (شیخ)، ڈائریکٹر ایوب گونڈی، تبسم شیخ، اور ساجدہ مجاور نے خصوصی محنت کی۔
نظامت کے فرائض محترمہ ساجدہ مجاور نے بخوبی انجام دیے جبکہ شکریہ کی رسم ایوب گونڈی نے ادا کی۔
اس پروگرام میں اکل کوٹ، میندورگی اور کرجگی کے مختلف اسکولوں سے بڑی تعداد میں طلبہ و طالبات نے شرکت کر کے بھرپور رہنمائی حاصل کی۔
Comments
Post a Comment