منشیات سے پاک تمل ناڈو — بیداری پروگرام۔



آرکاٹ : (راست)  رانی پیٹ ضلع کے آرکاٹ میونسپل مسلم بوائز پرائمری اسکول میں طلبہ کو منشیات کے استعمال کے مضر اثرات سے آگاہ کرنے کے مقصد سے ’’منشیات سے پاک تمل ناڈو‘‘ کے عنوان سے ایک بیداری پروگرام منعقد کیا گیا۔

اس پروگرام میں ضلع چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کی کونسلر محترمہ افروز نے شرکت کی اور طلبہ کو منشیات کے استعمال سے ہونے والے جسمانی، ذہنی اور سماجی نقصانات کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے خاص طور پر طلبہ کو تلقین کی کہ وہ کم عمری ہی سے منشیات سے مکمل طور پر دور رہیں، اچھی عادات اپنائیں اور تعلیم و کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ منشیات کا استعمال طلبہ کے مستقبل کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ خاندان اور معاشرے پر بھی منفی اثرات مرتب کرتا ہے۔ طلبہ کو بری عادات اور بری صحبت سے دور رہنے اور کسی بھی مشتبہ صورتحال کا سامنا ہونے پر فوری طور پر والدین، اساتذہ یا متعلقہ ذمہ دار حکام کو اطلاع دینے کی بھی ہدایت دی گئی۔

کونسلر محترمہ افروزس نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے دوستوں اور اہل خانہ میں بھی منشیات کے خلاف بیداری پیدا کریں اور ’’منشیات سے پاک تمل ناڈو — صحت مند تمل ناڈو‘‘ کے مقصد کو کامیاب بنانے کے لیے سب کو اپنا تعاون پیش کرنا چاہیے۔

اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر، محمد رضوان اللہ سید سرا ج الدین اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی اور منشیات کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور معاشرے کو منشیات سے پاک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ طلبہ کے روشن اور محفوظ مستقبل کے لیے منعقد کیا گیا یہ بیداری پروگرام نہایت مفید اور قابلِ ستائش رہا۔

Comments