کوہِ نور ہاؤسنگ سوسائٹی، بھیونڈی میں شاندار شعری نشست کا انعقاد۔
بھیونڈی : ( راست) ادبی ذوق کی آبیاری اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے مقصد سے کوہِ نور ہاؤسنگ سوسائٹی، بھیونڈی کی جانب سے ایک پروقار شعری نشست کا انعقاد 11 مئی کو عمل میں آیا، جس میں بھیونڈی شہر کے معروف شعرائے کرام، ادباء اور ادب نواز حضرات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ محفل کا ماحول ابتدا ہی سے ادبی رنگ و آہنگ سے معمور رہا اور سامعین نے شعراء کے کلام کو بے حد سراہا۔
اس بابرکت ادبی نشست کی صدارت معروف شاعر صابر مصطفیٰ آبادی (جلگاؤں) نے فرمائی، جبکہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے معروف صحافی اور روزنامہ انقلاب، ممبئی کے سب چیف ایڈیٹر مبشر اکبر شریک رہے۔ اپنے صدارتی خطاب میں صابر مصطفیٰ آبادی نے کہا کہ موجودہ دور میں ادبی محفلیں سماجی و تہذیبی اقدار کے تحفظ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کوہِ نور ہاؤسنگ سوسائٹی کی اس ادبی کاوش کو قابلِ ستائش قرار دیا۔
مہمانِ خصوصی مبشر اکبر نے اپنے خطاب میں کہا کہ اردو شاعری ہماری تہذیب، احساسات اور سماجی شعور کی ترجمان ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل کو ادب سے وابستہ رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ایسی محفلیں اردو زبان کے فروغ میں سنگِ میل ثابت ہوتی ہیں۔
محفل میں مدعو شعرائے کرام عین الدین عازم، شکیل احمد شکیل، تجمل حسین زاہد، شہزاد حسین شہزاد، کاشف سید ،امتیاز راہی اور ریاض عاصی نے اپنے منتخب کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔ شعراء نے غزل اور عصری موضوعات پر مشتمل کلام پیش کیے، جنہیں حاضرین نے خوب داد و تحسین سے نوازا۔ کئی اشعار پر سامعین کی جانب سے بار بار داد کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض امتیاز راہی اور عامر اصغر قریشی نے نہایت خوش اسلوبی، برجستگی اور ادبی وقار کے ساتھ انجام دیے۔ دونوں نظامت کاروں نے شعراء کا تعارف خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہوئے محفل کو دلچسپ اور باوقار بنائے رکھا۔
اختتام پر منتظمین کی جانب سے تمام مہمانان، شعرائے کرام اور سامعین کا شکریہ ادا کیا گیا۔ شرکاء نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی اسی طرح کی ادبی نشستوں کا انعقاد جاری رکھا جائے تاکہ اردو ادب کی شمع روشن رہے۔
پروگرام کو کامیاب بنانے میں کوہ نور ہاؤسنگ سوسائٹی کے نوجوانوں کا تعاون شامل رہا
Comments
Post a Comment