خان حسنین عاقب عالمی شاعری فیسٹیول (انڈیا چیپٹر) کے ڈائریکٹر مقرر۔
تہران/کابل: (محمد شریف) ادب کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور اسی آفاقی سچائی کو عملی جامہ پہناتے ہوئے
تیسرے سبزمنش عالمی شاعری فیسٹیول کی سیکرٹریٹ نے باضابطہ طور پر سال 2026 کے سیزن کے لیے اپنی انتظامی قیادت اور علاقائی نظامت کا اعلان کر دیا ہے۔ فیسٹیول کی بڑھتی ہوئی عالمی رسائی کے پیش نظر، اس عالمی ادبی کہکشاں میں بھارت کی نمائندگی کرنے کے لیے ممتاز شاعر، صاحبِ طرزادیب، معلم اور مایہ ء ناز مترجم *خان حسنین عاقب* کو انڈیا چیپٹر کے لیے اس عالمی شاعری فیسٹیول کا ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔ بھارت کے ادبی حلقوں کے لیے یہ اعزاز نہایت اہم مانا جارہا ہے ۔
9 مئی 2026 کو کیے گئے اس اعلان کے ذریعے ایک اعلیٰ سطحی ایگزیکٹو بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں افغانستان، ایران، تاجکستان، ازبکستان، ریاستہائے متحدہ امریکہ، پاکستان اور بھارت سمیت سات ممالک کی ممتاز ادبی شخصیات شامل ہیں۔
*ایک عالمی ادبی اتحاد:*
اس فیسٹیول کا انعقاد سبزمنش ورلڈ فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام کیا جا رہا ہے جو ایک آزاد بین الاقوامی ثقافتی تنظیم ہے اور اس وقت 33 ممالک میں سرگرمِ عمل ہے۔ حال ہی میں ازبکستان کے ادبی جریدے دردانۂ شرق میں زرینہ رحمتواہ درخشان کی شائع کردہ ایک تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سبزمنش فاؤنڈیشن کو باضابطہ طور پر دنیا کی پہلی آزاد بین الاقوامی ثقافتی تنظیم کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے۔ فیسٹیول کے سیکرٹری ڈاکٹر بسم اللہ شریفی کی قیادت میں، انتظامی ٹیم کا مقصد سرحدوں سے پرے ادبی تبادلے کو فروغ دینا اور ہم عصر شعراء کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
مشہور شاعر، مصنف اور مضمون نگار خان حسنین عاقب 'ڈائریکٹر آف انڈین افیئرز' (امورِ ہند) کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔ ان کی ذمہ داریوں میں فیسٹیول میں بھارت کی شرکت کو مربوط کرنا اور بھارتی ادبی برادری اور عالمی فاؤنڈیشن کے درمیان ایک مضبوط فکری پل کا کردار ادا کرنا شامل ہے۔
تنظیم کا جو عالمی ایگزیکٹو بورڈ تشکیل دیا گیا ہے اس کے مطابق
2026 کے فیسٹیول کے ڈھانچے میں کئی اہم قائدانہ کردار شامل کئے گئے ہیں جن میں استاد زانا کردستانی برائے تعلقات عامہ، برائے سوشل میڈیا اور اشتہارات استاد روزیتا دوغلاوینژاد، برائے میڈیا کوآرڈینیشن ڈاکٹر مہدی بیرانوند 'روژمان'، برائے لاجسٹک اور مالیات استاد شبانہ نزہت، برائے منصوبہ بندی استاد محمد رضا شبانکاره، برائے ادارتی ہم آہنگی محترمہ رمیش مصلح حسینی (امریکہ) شامل ہیں ۔
علاقائی امور کا انتظام ایک متنوع بورڈ کے سپرد کیا گیا ہے جس میں پروفیسر وحید الزماں طارق، استاد رنا مقتدر (افغانستان)، استاد بزرگمہر بہادر (تاجکستان) اور استاد زرینہ درخشان (ازبکستان) شامل ہیں۔
خان حسنین عاقب کے انتخاب کی وجہ سے ملک بھر کے ادبی حلقوں میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور اہل ذوق و ادب اسے ایک اہم عالمی پیش رفت سے تعبیر کررہے ہیں ۔
مستقبل کی حکمتِ عملی کے تعلق سے سیکرٹریٹ نے تصدیق کی ہے کہ سویڈن، ایران، افغانستان اور تاجکستان کے نامور ججوں پر مشتمل ایک بین الاقوامی جیوری کا اعلان اگلے ہفتے کیا جائے گا۔ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ 'سبزمینش عالمی شاعری فیسٹیول شعراء کی حوصلہ افزائی اور الفاظ کی طاقت کا جشن منانے کے اپنے مشن پر کاربند ہے۔ پوری دنیا سے مختلف زبانوں میں لیکن خاص طور پر فارسی زبان میں شاعری طلب کی گئی ہے ۔ موصول شدہ اینٹریوں کی جانچ پڑتال کا عمل پورا سال جاری رہے گا اور حتمی فاتحین کا اعلان 2026 کے آخر تک متوقع ہے۔
مزید معلومات کے لیے فاؤنڈیشن کی آفیشل ویب سائٹ www.Sabzmanesh.net ملاحظہ کی جا سکتی ہے ۔
Comments
Post a Comment