میرج میں ایم آئی ڈی سی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ ادریس نائیکواڑی - ادریس نائیکواڑی کی ریاستی وزیر اندرنیل نائیک سے ملاقات، روزگار، صنعت اور علاقائی ترقی کے لیے اہم محضر پیش۔
ممبئی۔( نمائندہ) میرج علاقے کی صنعتی و معاشی ترقی اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے مقصد سے میرج کے رکن قانون ساز کونسل ادریس نائیکواڑی نے گزشتہ دنوں ریاستی وزیر برائے صنعت، سرمایہ کاری اور خدمات اندرنیل نائیک سے اہم ملاقات کی اور انہیں ایک تفصیلی محضر پیش کیا۔
اس موقع پر ادریس نائیکواڑی نے میرج میں ایم آئی ڈی سی (MIDC) قائم کرنے کا پُرزور مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں صنعتی ڈھانچے کی شدید ضرورت ہے۔ اگر میرج میں صنعتی زون قائم کیا جاتا ہے تو اس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع حاصل ہوں گے بلکہ پورا علاقہ معاشی طور پر مستحکم ہوگا۔
محضر میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ میرج اور اطراف کے علاقوں میں صنعت و حرفت کے فروغ کے لیے بڑی اور چھوٹی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دی جائے۔ ادریس نائیکواڑی نے کہا کہ جب زیادہ سے زیادہ کمپنیاں یہاں قائم ہوں گی تو بے روزگاری میں نمایاں کمی آئے گی اور نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں باعزت روزگار میسر ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرج جغرافیائی اور تجارتی اعتبار سے ایک اہم مقام رکھتا ہے، تاہم صنعتی سہولیات کی کمی کے سبب علاقہ ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔ اگر حکومت سنجیدگی کے ساتھ MIDC کے قیام پر توجہ دے تو میرج مستقبل میں ایک اہم صنعتی مرکز بن سکتا ہے۔
ریاستی وزیر اندرنیل نائیک نے وفد کی باتوں کو غور سے سنتے ہوئے یقین دلایا کہ پیش کردہ مطالبات اور تجاویز پر مثبت غور کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران صنعتی ترقی، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے روزگار سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال بھی ہوا۔
سیاسی و سماجی حلقوں نے اس ملاقات کو میرج کی ترقی کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ حکومت جلد ہی اس سلسلے میں عملی اقدامات کرے گی۔
Comments
Post a Comment