وحدتِ اسلامی ہند کے زیر اہتمام 'دعوتِ توحید اور حقوقِ انسانی' کُل ہند مہم پر خصوصی پوڈ کاسٹ کا انعقاد۔اِس اہم پروگرام کے ذریعے وحدتِ اسلامی اكوله یونٹ نے کیا مہم کا آغاز۔
اکولہ (پریس ریلیز) : ملکی سطح پر سرگرمِ عمل تنظیم وحدتِ اسلامی ہند کے زیرِ اہتمام جاری کل ہند مہم "دعوتِ توحید اور حقوقِ انسانی" 19 تا 28 مئی 2026 کے سلسلے میں بروز پیر، 18 مئی کو مومن پورہ مسجد، اکولہ میں ایک خصوصی اور انتہائی معلوماتی پوڈ کاسٹ کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کا بنیادی مقصد عوام الناس میں حضرت سیدنا ابراہیم علیہ السلام کی سیرت کے روشن پہلوؤں کے ذریعے دعوتِ توحید کو عام کرنا اور حضور اکرم محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کے خطبہ حجة الوداع کے تناظر میں انسانی حقوق کے تئیں بیداری پیدا کرنا ہے۔
اس خصوصی پوڈ کاسٹ میں وحدتِ اسلامی کے ڈویژنل ناظم محترم ناصر خان صاحب نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کی نظامت (اینکرنگ) کے فرائض انجینئر سید راحیل نے بخوبی انجام دیے۔ مہمانِ خصوصی کے ہاتھوں مہم کے کتابچے، پوسٹر اور اسٹیکر کا اجراء کیا گیا اور بارگاہِ خداوندی میں دعا کی گئی کہ جِس مقصد کے لئے مہم منائی جارہی ہے اس میں اللہ کی مدد شامل حال ہو اور کامیابی ملے
سید راحیل نے مہم کے اغراض و مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے محترم ناصر خان صاحب سے انتہائی اہم اور فکر انگیز سوالات کیے۔ سوالات کا جواب دیتے ہوئے ناصر خان صاحب نے درج ذیل امور پر تفصیلی روشنی ڈالی
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی سیرت اور توحید: انہوں نے بتایا کہ کس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کی زندگی کا ایک ایک پہلو توحیدِ خالص کی دعوت اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا بہترین نمونہ ہے۔اور قرآن میں بھی آپکے اُسوہ کو قابلِ تقلید قرار دیا گیا ہے۔
خطبہ حجة الوداع اور انسانی حقوق: انہوں نے واضح کیا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا خطبہ حجة الوداع دنیا کا پہلا اور سب سے جامع انسانی حقوق کا چارٹر ہے، جس میں رنگ، نسل، اور ذات پات کے امتیاز کو ختم کرکے انسانی مساوات اور اخوت کا درس دیا گیا ہے۔اور آج اِس سسکتی ہوئی انسانیت کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اُسوہ کاملہ کی ضرورت ہے۔
موجودہ دور میں مہم کی اہمیت: ناصر خان صاحب نے موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں اس مہم کی ضرورت پر زور دیا اور معاشرے میں امن، محبت اور اخوت کو فروغ دینے کی اپیل کی۔
عوام میں بیداری کی کوشش:
اس پوڈ کاسٹ کے ذریعے حاضرین اور ناظرین کو تنظیم کی اس ملک گیر مہم کے حوالے سے تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے اس پیغام کو دور دور تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا گیا تاکہ معاشرے کے ہر طبقے تک انسانی حقوق اور توحید کا سچا پیغام پہنچ سکے۔
مومن پورہ مسجد میں منعقدہ اس پروگرام کو حاضرین نے بے حد سراہا اور اسے موجودہ وقت کی ایک بہترین علمی اور دعوتی کوشش قرار دیا۔
Comments
Post a Comment